اے ٹی ایم کی بندش اور آن لائن بینکنگ سے متعلق گمراہ کن معلومات پر ایڈوائزی جاری
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اے ٹی ایم کی بندش اور آن لائن بینکنگ سے متعلق گمراہ کن معلومات پر ایڈوائزی جاری کردیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ اے ٹی ایم کی بندش اور آن لائن بینکنگ سے متعلق اب تک کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق یہ ایڈوائزری نیشنل کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے اسٹیٹ بینک اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے جاری کی ہے۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ اے ٹی ایم کی بندش اور آن لائن بینکنگ سے متعلق اب تک کوئی واقعہ پیش نہیں آیا، بینکنگ انفرا اسٹرکچر بشمول تمام اے ٹی ایم درست طریقے سے کام کررہے ہیں، عوام جھوٹی افواہوں پر کان نہ دھریں اور جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔
کہا گیا ہے کہ عوام اے ٹی ایم استعمال کرتے وقت اپنے اردگرد کے ماحول کا سختی سے مشاہدہ کریں، اپنی مالی معلومات، پن، پاس ورڈز، یوزر آئی ڈی اور او ٹی پیز کسی غیر متعلقہ شخص سے شئیر نہ کریں، کسی بھی مشکوک لنکس پر کلک کرنے سے پرہیز کریں، اپنے مالی تحفظ کے لیے سرکاری ذرائع اور تصدیق شدہ معلومات پر بھروسہ کریں۔