آریان خان کی گرفتاری سے شاہ رخ خان کے ہمشکل راجو بھی مشکل میں پھنس گئے

ممبئی (قدرت روزنامہ) آریان خان کی منشیات کیس میں گرفتاری کے بعد شاہ رخ خان کے ہمشکل بھی مشکلات کا شکار ہوگئے ہیں، راجو نے کہا کہ میرے دو ایونٹ یہ کہہ کر منسوخ کردیے گئے ہیں کہ عوام اس وقت شاہ رخ خان کی حالیہ امیج سے متاثر نہیں جس کے باعث ان کی جانب سے شدید رد عمل آسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے شاہ رخ خان بہت جلد ان حالات سے باہر آجائیں گے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی گرفتاری کے بعد سے ان کے ہمشکل راجو راہیکوار کی مشکلات میں بھی اضافہ ہوگیا ہے جو متعدد بار انٹریوز میں یہ بیان دے چکے ہیں کہ ان کی زندگی کا دارومدار شاہ رخ خان کے گرد گھومتا ہے اور وہی اس کا ذریعہ معاش بھی ہیں اور اب اداکار کے ہمشکل راجو کو بھی کام ملنا بند ہوگیا ہے۔
شاہ رخ خان کے ہمشکل راجو کا کہنا ہے کہ کورونا کی وجہ سے تقریباً ایک سال سے کسی قسم کا ایونٹ نہیں ہوا جس کے باعث مجھے بھی کام نہیں ملا تاہم لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد مجھے کچھ ایونٹس ملنا شروع ہوگئے تھے اور اب آریان خان کے واقعے کے بعد ایونٹ آرگنائزرز نے ان کے ساتھ طے شدہ بکنگ منسوخ کردی ہیں۔