حکومت کے خلاف ملک گیر مہم کا جلد اعلان کیا جائے گا، عمر ایوب


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل نے کہا ہے کہ پاکستان میں آئین کی بحالی اور قانون کی حکمرانی کیلئے کوششیں جاری رہیں گی اور حکومت کے خلاف ملک گیر مہم کا جلد اعلان کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں 22 اگست کے جلسے کی تیاری کے حوالے سے گرینڈ اپوزیشن قیادت کا محمود خان اچکزئی کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب، چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر ،شبلی فراز اور صاحبزادہ حامد رضا نے شرکت کی۔
اجلاس میں 22 اگست کے اسلام آباد جلسے کے انتظامات اور تیاریوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ اجلاس کے شرکاء کا ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال کا بھی جائزہ کیا۔ اجلاس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے بانی پی ٹی آئی سے متعلق تازہ فیصلے پر بھی غور کای گیا اور شرکا نے پارلیمنٹ میں حکومت کے کردار پر تشویش کا اظہار کیا۔
سیاسی جماعتوں کے قائدین نے کاہ کہ پرامن جلسہ ہمارا آئینی اور جمہوری حق ہے، 22 تاریخ میں اسلام آباد میں عظیم الشان جلسہ ہوگا جس میں پورے ملک سے کارکنان شرکت کریں گے۔
عمر ایوب نے کہا کہ امید ہے انتظامیہ ہمارے جلسے میں رکاوٹ نہیں ڈالے گی،تحریک انصاف کے جلسے ہمیشہ پرامن رہے ہیں،پاکستان میں آئین کی بحالی اور قانون کی حکمرانی کیلئے کوششیں جاری رہیں گی اور حکومت کے خلاف ملک گیر مہم کا جلد اعلان کیا جائے گا۔