فیض حمید نے بھرپور کوشش کی کہ پی ٹی آئی برسر اقتدار رہے: عطا تارڑ


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر اطلاعات عطار تارڑ کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور فیض حمید کے درمیان گٹھ جوڑ تھا اور فیض حمید نے بھرپور کوشش کی کہ پی ٹی آئی برسر اقتدار رہے۔
بات چیت کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ خودکو پرامن کہنے سے کوئی پُرامن نہیں ہو جاتا، ثابت کرنا پڑتا ہے، جماعت اسلامی کے لوگ پُرامن تھے، دھرنا پُرامن انداز میں دیا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ماضی کو دیکھتے ہوئے مجھے نہیں لگتا کہ انہیں اجازت دی جائے گی، فیض حمید نے بھرپور کوشش کی کہ پی ٹی آئی برسر اقتدار رہے، 9 مئی بانی پی ٹی آئی کے کہنے پر ہوا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اور فیض حمید کے درمیان گٹھ جوڑ تھا، انہوں نے ملک کو نقصان پہنچایا، میں نہیں جانتا کہ بانی پی ٹی آئی کامعاملہ کس کورٹ میں جائے گا، مجھے لگتا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو کوئی خوف ہے۔