کوئٹہ،لاپتا افراد کا معاملہ بڑا مسئلہ، ریکوڈک، سیندک سمیت تمام معدنیات پر بلوچستان کے لوگوں کو ترجیح دی جائے،حافظ نعیم


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ وزیراعظم، آرمی چیف اور چیف جسٹس خود آئین پر عملدرآمد کریں، جنرل (ر) فیض حمید کی طرح ہر جرم کرنے والے فوجی اور سویلین کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سیاستدانوں کا طرز عمل آمرانہ ہوگا تو پھر جمہوریت آگے نہیں بڑھ سکے گی، جمہوریت کو آگے بڑھانے کے لیے جمہوری طرز عمل اپنانا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ ملک میں آئین کی بالادستی اور جمہوری آزادیاں ہونی چاہییں، اس وقت پورے ملک میں بدامنی پھیلی ہوئی ہے، جبکہ معیشت سمیت دیگر چیلنجز کا بھی سامنا ہے۔انہوں نے کہاکہ تنخواہوں اور مکان کے کرائے سے زیادہ بجلی کے بل آرہے ہیں، حکومت اپنے اخراجات میں کمی کرے، ہم نے پورا پلان بتایا ہے کہ بجلی کے بل کیسے کم ہوں گے۔حافظ نعیم الرحمان نے کہاکہ لاپتا افراد کا مسئلہ بلوچستان کا سب سے بڑا مسئلہ ہے، حکمرانوں کو خود سوچنا چاہیے کہ اگر ان کا کوئی پیارا لاپتا ہوجائے تو ان پر کیا گزرے گی، سرکاری اعداد و شمار کے مطابق بھی بلوچستان کے اڑھائی ہزار افراد لاپتا ہیں۔انہوں نے کہاکہ تمام پارٹیاں جمہوریت کا راگ الاپتی ہیں لیکن وراثت اور شخصیت پر چل رہی ہیں، سب کو اپنی پارٹیوں میں جمہوریت لانی چاہیے۔انہوں نے کہاکہ ملک میں بیروزگاری، مہنگائی اور اضافی بلوں نے لوگوں کا جینا محال کردیا ہے، جماعت اسلامی نے فیصلہ کیا ہے کہ یکم ستمبر سے بھرپور رابطہ مہم کے لیے ممبر شپ شروع کی جائے گی۔امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ تمام حکمرانوں کی غلطی ہے وہ 77 سالوں میں اپنے عدالتی نظام کو درست نہیں کرسکے، لاپتا افراد کا معاملہ آئین کے تحت حل ہونا چاہیے۔حافظ نعیم نے کہاکہ حکمران اپنی شاہ خرچیاں کم کریں تو عوام کو ریلیف میسر آسکے گا، تنخواہ دار طبقے سے ٹیکس لیا جارہا ہے لیکن بڑے بڑے جاگیردار اس سے مبرا ہیں۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی 28 اگست کو ملک بھر میں ہڑتال کرنے جارہی ہے، اور اس معاملے پر تاجر برادری ہمارے ساتھ ہے۔حافظ نعیم الرحمان نے کہاکہ ریکوڈک، سندک سمیت تمام معدنیات پر بلوچستان کے لوگوں کو ترجیح دی جائے، جبکہ گیس بھی پہلے یہاں کے لوگوں کو ملنی چاہیے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں معیشت کی تباہی کی وجہ مافیاز کو سپورٹ کرنا ہے، جماعت اسلامی ’حق دو عوام کو‘ کے نام سے تحریک شروع کرنے جارہی ہے۔