بلوچستان ، جولائی سے اب تک شدید بارشوں کے نتیجے میں 21 افراد جاں بحق، 147 گھر مکمل تباہ


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)صوبہ بلوچستان میں جولائی سے اب تک شدید بارشوں کے نتیجے میں پیش آنے والے واقعات میں کم از کم 21 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہو چکے ہیں۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق صوبہ بلوچستان میں یکم جولائی سے اب تک بارشوں کے 2 اسپیل کے دوران پیش آنے والے حادثات و واقعات میں 21 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوئے۔بارشوں اور سیلابی ریلوں کے دوران 579 گھروں کو نقصان پہنچا، سیلابی ریلوں سے147 گھر مکمل تباہ ہو گئے جبکہ 432 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔بیان میں کہا گیا کہ بارشوں سے 4 ہزار 53 افراد متاثر جبکہ ایک ہیلتھ کیئر یونٹ کو نقصان پہنچا، بارشوں سے 102 ایکڑ پر محیط فصلیں اور 31 کلومیٹر طویل سڑکیں متاثر ہوئیں۔پی ڈی ایم اے کے مطابق طوفانی بارشوں سے 7 پلوں کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ 131 مویشی بھی ہلاک ہوئے۔