مریم نواز کے ریلیف اقدامات پر مراد شاہ کا الفاظ کا چناؤ تھوڑا نامناسب تھا: ناصر شاہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر توانائی سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ مرادعلی شاہ کا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے عوامی ریلیف اقدامات کو بے وقوفی کہنا ایک سخت لفظ تھا۔
مریم نواز اور وزیراعلیٰ سندھ کے درمیان جملوں کے تبادلے پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مراد علی شاہ کا الفاظ کا چناؤ تھوڑا مناسب نہیں رہا تھا، وہ کہنا کچھ اور چاہ رہے تھے لیکن مریم نے جواب کچھ زیادہ ہی سخت دیا۔
ناصر شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت بھی بجلی کے بلوں میں کمی کیلئے پلان بنا رہی ہے، 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کیلئے ملک بھر میں مستقل ریلیف کا فارمولا بھی پیش کردیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سابق وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کیلئے فی یونٹ 14 روپے کمی کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اسے بیوقوفی قرار دیا تھا۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ عجیب و غریب اعلانات سے ہم پریشانی میں آ جاتے ہیں، ان بیوقوفی کے اعلانات کا کیا جواب دیں؟
مراد علی شاہ کے بیان پر ردعمل میں مریم نوازکا کہنا تھا کہ کسی نے یہ لفظ استعمال کیا کہ یہ عوام کو ریلیف دینا بے وقوفی ہے، تو وہ ہنس پڑیں، کیا کرپشن کا پیسا جیب میں ڈالنا اور پروٹوکول پر پیسے خرچ کرنا بے وقوفی نہیں؟
مریم نواز کا کہنا تھا کہ بجلی بلوں پر ریلیف شارٹ ٹرم نہیں بلکہ 2 ماہ کا ہے، اس کے بعد بہت بڑا سولر پروگرام لا رہے ہیں جو ہمیشہ کیلئے عوام کو زیادہ بلوں سے نجات دلائے گا۔
مریم نواز کو جواب دیتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ جن لوگوں نے ماضی میں مہنگی بجلی کے پلانٹ لگائے، سندھ حکومت کو سستی بجلی کی پیداوار سے روکا، وہی آج سولر پینل دینے کی بات کررہے ہیں، مراد علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ بجلی کے بحران کا پائیدار حل نکالیں گے۔