پی ٹی آئی کا جلسہ پھر ملتوی، ’ہر بار جلسہ منسوخ کرکے یہ عوام کو کیا پیغام دے رہے ہیں؟‘


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)جلسے کی اجازت نہ ملنے کے باوجود پاکستان تحریک انصاف نے آج جلسہ کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن کچھ دیر قبل پی ٹی آئی نے بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر آج اسلام آباد میں ہونے والے جلسے کو منسوخ کر دیا۔ اب پی ٹی آئی کا اسلام آباد میں جلسہ 8 ستمبر کو ہو گا۔
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اطلاعات ہیں کہ حکومت اس جلسے کی آڑ میں انتشار پھیلانے کی سازش کر رہی ہے اس لیے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جیل سے جاری ہدایات کے مطابق آج کے جلسے کی تاریخ تبدیل کی جا رہی ہے۔
پی ٹی آئی کے جلسے کے پیشِ نظر ریڈ زون کو سیل کرتے ہوئے سرکاری و نجی اسکولوں میں آج تعطیل کا اعلان کیا گیا تھا اور جڑواں شہروں میں میٹرو بس سروس معطل کر دی گئی تھی۔ جبکہ پاکستان تحریکِ انصاف کو ترنول میں ممکنہ جلسے سے روکنے کے لیے اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس نے جی ٹی روڈ پر کنٹینرز رکھ دیے تھے اور جلسہ گاہ کو بھی کھود دیا تھا۔
پی ٹی آئی جلسے پر صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے کیے جا رہے تھے ایک صارف نے گاڑیوں کی لمبی قطار کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ایسے ہی جلسے کا اعلان کر کر کے ان کو تھکاؤ آپ کو کچھ کرنے کی ضرورت نہیں یہ حکومت اپنے بوجھ سے گر جائے گی۔
شمس خٹک نے مذہبی جماعتوں کی ریڈ زون آمد پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ اسلام آباد کے سب سے حساس علاقے ریڈ زون میں سپریم کورٹ فیصلے کے خلاف مذہبی جماعتوں کے لوگ بغیر کسی رکاوٹ کے پہنچ گئے جبکہ دوسری جانب اسلام آباد سے باہر پی ٹی آئی کے جلسے کو روکنے کے لیے پورے پنجاب اور اسلام آباد کو کنٹینرستان بنا دیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی نے آفیشل ایکس ہینڈل سے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان قید میں ہیں لیکن ان کا اتنا خوف کہ ریاست کو پورا ملک کنٹینرز لگا کر بند کرنا پڑ رہا ہے، ساتھ ہی انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پھر پوچھتے ہیں عمران خان کون ہوتا ہے۔
ایک صارف نے جلسہ کینسل کرنے پر تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہر دفعہ جلسہ کینسل کر کے یہ عوام کو کیا پیغام دے رہے ہیں، صارف کا مزید کہنا تھا کہ جس طرح شیر آیا شیر آیا والی کہانی ہے اگر اسی طرح عوام دوبارہ جلسے کے اعلان پر باہر نہ آئی تو کیا پیغام جائے گا کہ عوام نہیں آئی اس لیے پی ٹی آئی کا جلسہ کامیاب نہیں ہوا۔
بانی پی ٹی آئی کی جانب سے جلسہ منسوخ کرنے پر صارفین سوال کرتے نظر آتے ہیں کہ آخر یہ جلسہ کیوں منسوخ کیا گیا ہے، طیبہ نامی صارف نے پوچھا کہ جلسہ منسوخ کرنے کی آخر کیا وجہ ہو سکتی ہے۔
علی عباس لکھتے ہیں کہ جلسہ منسوخ کرنے کا نقصان صرف پی ٹی آئی کو ہو گا، انہوں نے مزید کہا کہ جلسے کی کسی کال کو اب شاید خود پی ٹی آئی کے لوگ بھی سنجیدہ نہیں لیں گے۔
خیال رہے کہ نے پی ٹی آئی نے 22 اگست یعنی جمعرات کے روز جلسے کا اعلان کیا تھا جس کے لیے انتظامیہ نے انھیں ترنول میں جلسے کی اجازت دی تھی۔
تاہم جلسے سے ایک روز قبل یعنی بدھ کو اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے جلسے کا این او سی منسوخ کردیا تھا۔ ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کا کہنا تھا کہ جلسے کے ہجوم کو کنٹرول کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ چند دن قبل بھی مظاہرین سپریم کورٹ پہنچ گئے تھے، ان حالات میں جلسے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
دوسری جانب آج سپریم کورٹ مبارک احمد کیس کے فیصلے کے خلاف وفاق کی متفرق درخواست کی سماعت کرے گی۔ اس موقع پر تحفظ ناموس رسالت نے سپریم کورٹ کے سامنے احتجاج کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔