ذاتی دشمنی پر ملزمان کی اسکول وین کے ڈرائیور پر فائرنگ، 2 بچے جاں بحق، 3 زخمی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اٹک کے علاقے ڈھیری کوٹ میں سابقہ دشمنی پر اسکول وین کے ڈرائیور پر ملزمان کی فائرنگ سے 2 بچے جاں بحق 5 زخمی ہوگئے۔
ترجمان اٹک پولیس کے مطابق اٹک کے علاقے ڈھیری کوٹ میں سابقہ دشمنی پر ملزمان نے اسکول وین کے ڈرائیور پر فائرنگ کی، جس کی زد میں آکر 2 بچے جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق بچوں کی لاشیں اور زخمی بچوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، ملزمان ناصر، نعیم وغیرہ موقع سے فرار ہوگئے۔
جاں بحق ہونے والے بچوں میں رامین شفیق دختر محمد شفیق اور عروا فاطمہ دختر جمشید شامل ہیں۔
اٹک پولیس کا کہنا ہے کہ ڈرائیور افضال ولد محمد عارف وین ڈرائیور کی ملزمان سے ذاتی دشمنی تھی، جو ملزمان کی فائرنگ سے معمولی زخمی ہوا ہے۔
’ملزمان جلد گرفتار ہوں گے‘
ڈی پی او اٹک ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے دلخراش واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے صدر سرکل اٹک کے افسران پر مشتمل پولیس ٹیم تشکیل دے دی ہے، ڈی پی او نے ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرنے کا حکم جاری کردیا ہے۔
ڈاکٹر سردار غیاث گل خان کا کہنا ہے کہ ایسے عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، ملزمان کی رعائیت کے مستحق نہیں جلد گرفت میں ہوں گے۔
ذمے داران کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے، صدر مملکت
صدر مملکت آصف زرداری نے بھی مذکورہ واقعے کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ معصوم بچوں کو نشانہ بنانا انتہائی ظالمانہ اور شرمناک فعل ہے، ذمے داران کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔
دوسری جانب واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ کر زخمی و جاں بحق بچوں کو اسفند یارولی اسپتال منتقل کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا نوٹس
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر راولپنڈی سے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
بربریت کا مظاہرہ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، وزیر داخلہ
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی فائرنگ سے 2 بچوں کے جاں بحق ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور جاں بحق بچوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
وزیر داخلہ نے زخمی بچوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی ہے اور کہا ہے کہ معصوم بچوں کو نشانہ بنانے والے انسان کہلانے کے حقدار نہیں، سکول وین میں موجود بچوں پر فائرنگ درندگی ہے ، بربریت کا مظاہرہ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔