عمران خان کیخلاف وعدہ معاف گواہ بننے والے پی ٹی آئی رہنماؤں کا نیا یوٹرن


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سانحہ 9 مئی کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے خلاف مقدمات میں وعدہ معاف گواہ بننے والے سابق اسپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم عباسی اور سابق ممبر پنجاب اسمبلی عمر تنویر بٹ نے عدالت میں عمران خان کے حق میں بیان دے دیا۔
راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت نمبر ایک میں جمع کرائے گئے بیان میں واثق قیوم عباسی اور عمر تنویر بٹ نے کہا ہے کہ پراسیکیوشن کا ہمارے بیانات ریکارڈ کرنے سے متعلق دعویٰ درست نہیں اور ہمارے خلاف الزامات بے بنیاد ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے اپنے بیانات میں مزید کہا کہ انہوں نے کسی مجسٹریٹ یا ڈپٹی کمشنر کے روبرو (عمران خان کے خلاف) بیان ریکارڈ نہیں کرایا اور نہ ہی نومبر 2023ء میں یا بعدازاں اسلام آباد کے کسی مجسٹریٹ کے سامنے پیش ہوئے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے کبھی عمران خان کے خلاف کوئی بیان ریکارڈ نہیں کرایا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے انہیں کبھی 9 مئی واقعات کے حوالے سے نہیں اکسایا جس کی تصدیق انہوں نے ’ایکس‘ پر اپنی ایک پوسٹ میں 25 فروی 2024 کو اور اس سے قبل فیس بک پر 10 اکتوبر 2023 کو ایک ویڈیو میں کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ ملک میں امن و اتحاد کی بات کی ہے اور انہیں ہمیشہ ملکی اداروں خصوصاً افواج پاکستان کا احترام کرنے کا کی ہدایت کی ہے، بانی پی ٹی آئی اور درخواست گزار محب وطن پاکستانی ہیں جنہوں نے کبھی بھی پاکستان کے خلاف بیانیہ نہیں بنایا۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے خلاف 9 مئی کے مقدمات میں پی ٹی آئی کے سابق اسپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم عباسی اور سابق رکن صوبائی اسمبلی عمر تنویر بٹ وعدہ معاف گواہ بن گئے تھے اور انہوں نے اس حوالے سے اپنا بیان بھی ریکارڈ کرایا تھا۔
گزشتہ برس دسمبر میں واثق قیوم عباسی نے پارٹی سے علیحدگی اختیار کرنے کا اعلان کیا تھا۔ 7 دسمبر کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں واثق قیوم عباسی نے کہا کہ ریاستی اداروں کے خلاف پر تشدد کارروائیوں کے خلاف ہوں، پی ٹی آئی کے قوم کو گمراہ کرنے کے بیانیے کی نفی کرتا ہوں۔
واثق قیوم عباسی کا مزید کہنا تھا کہ ریاست اور اداروں کیساتھ محاذ آرائی کا بوجھ ناقابل برداشت ہے، میرے سیاسی کیریئر کا مقصد عوام کی خدمت کرنا تھا، سیاست اور تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کرتا ہوں۔ واثق قیوم عباسی کا یہ ٹویٹ ڈیلیٹ کردیا گیا ہے اور یہ پوسٹ اب ان کے اکاؤنٹ پر دستیاب نہیں۔