’ملک ریاض کی بات پر اعتبار کرلیا کہ پیسہ منی لانڈرگ کا نہیں تھا‘، عمران خان کے بیان پر تنقید


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ملک ریاض کے ساتھ معاہدہ خفیہ رکھنے کا اعتراف کرلیا۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک ریاض نے بتایا تھا کہ یہ منی لانڈرنگ کا پیسہ نہیں اس لیے انہوں نے تحقیقات نہیں کیں اور انہیں ملک ریاض نے کہا تھا کہ برطانوی ایجنسی این سی اے کے ساتھ ڈیل کو پبلک نہ کیا جائے اسی لیے انہوں نے اس ڈیل کو خفیہ رکھا۔
عمران خان کے ان بیانات کے بعد پی ٹی آئی مخالف ایک بڑی تعداد ان پر تنقید کرتی نظر آرہی ہے۔ صحافی مبشر زیدی نے لکھا کہ عمران خان کے بقول انہوں نے ملک ریاض کی بات پر اعتبار کرلیا کہ پیسہ منی لانڈرگ کا نہیں تھا۔ برطانوی ایجنسی این سی اے نے کیا خیرات کا پیسہ واپس کیا تھا؟
ثاقب راجہ نے عمران خان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ جب ہیرے نظر آئیں تو کسی بھی بات پر اعتبار آجاتا ہے۔
عوام بنام سرکار نامی ایک پیج نے لکھا کہ اندازہ کریں عمران خان نے ملک ریاض کے کہنے پر کسی چیز کی تحقیقات نہیں کرائیں، ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ عوام جانتے ہیں اس کی تحقیقات کیوں نہیں کرائی گئیں کیونکہ سابق وزیراعظم عمران خان نے اس کے عوض 458 کنال زمین مفت میں لی اور اس پر القادر یونیورسٹی بھی مفت میں بنوا لی۔
شیراز بٹ نے لکھا کہ عمران خان کچھ دیر بعد اپنے اس بیان سے بھی مکر جائیں گے اور یوٹرن لے لیں گے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں نیب کا پرانا ریکارڈ فراہم کرنے اور ٹرائل روکنے کی درخواست پر ٹرائل کورٹ کو حتمی فیصلہ نہ سنانے کا حکم امتناع ختم کردیا۔