بلوچستان میں جو لوگ حکومت میں بیٹھے ہیں ان کی حکومت نہیں ہے، حافظ حمداللہ


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)جمیعت علما اسلام (ف) کے رہنما حافظ حمد اللہ کا کہنا ہے ہم اپوزیشن اتحاد میں شامل ہونے کے بعد جو خاطر خواہ نتائج دیکھ رہے تھے وہ ہمیں نہیں ملے۔ ماضی میں ہم اتحاد کا حصہ رہے، لیکن اس اتحاد کی وجہ سے ہمیں نقصان ہوا، فائدہ نہیں ہوا، لیکن ہم نے اس قوم کے مفاد کیلئے آئین کی بحالی کیلئے نقصان اٹھایا۔انہوں نے کہا کہ ہماری اس تحریک کا بنیادی ہدف یہ ہے کہ ایک تو ہم اس سسٹم کے خلاف ہیں، ہم اسٹبلشمنٹ کی سیاست میں الیکشن میں مداخلت قطعا قبول نہیں کرتے۔ان خیالات کا اظہار (نجی ٹی وی) سے خصوصی گفتگو میں کیا حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ ہم تحریک چلائیں گے، عوام اتنے باشعور ہوچکے ہیں کہ قوم کو اب اس حکومت اور اسٹبلشمنٹ پر اعتماد نہیں ہے۔یہاں الیکشن نہیں آکشن(نیلامی)ہوتا ہے، ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام کیلئے ایک ہی راستہ ہے کہ فورا اور صاف و شفاف الیکشن کرایا جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ قطعا ہم قومی حکومت کے حق میں نہیں ہیں اسٹبلشمنٹ آج بھی غیرسیاسی نہیں ہے، آج بھی اس ملک میں میاں شہباز شریف کی حکومت نہیں ہے، آج بلوچستان میں جو لوگ حکومت میں بیٹھے ہیں ان کی حکومت نہیں ہے، وزرا خود تنہائی میں بیٹھ کر کہتے ہیں کہ ایک کلرک ٹرانسفر کرنے کا اختیار نہیں رکھتے۔ مولانا فضل الرحمان کی آصف زرداری، نواز شریف یا شہباز شریف سے کوئی ذاتی لڑائی نہیں ہے، لڑائی صرف اصولوں کی ہے۔