گوادر پورٹ کی آمدنی کا 50 فی صد حصہ مقامی حکومت کیلئے وقف کیا جائے، آل پارٹیز


گوادر(قدرت روزنامہ)گوادر سی پیک فیز ٹو میں آل پارٹیز کو اسٹک ہولڈرز کے طور پر شامل کرکے گوادر کے عوام کا حصہ دیا جائے ، گوادر سی پیک کے لیے سب سے زیادہ قربانیاں یہاں کے عوام نے دی ہیں ، گوادر پورٹ کی آمدنی کا 50 فی صد حصہ گوادر کے مقامی حکومت لیے وقف کیا جائے ، گوادر کے ساحل پر ٹرالنگ کا سلسلہ پھر سے شروع ہوگیا ٹرالر مافیا نے سمندر کو بانجھ بنا کر ماہی گیر کو نان شبینہ کا محتاج بنارہے ہیں۔ جی ڈی اے ایک ناکام ادارہ بن گیا جن کی اسکیمات سے گوادر کو سب سے زیادہ نقصان اٹھانا پڑا۔پانی، بجلی ،صحت، تعلیم روزگار کے لئے جدوجہد ترجیحات کا حصہ ہیں ، سانحہ 28 جولائی کے بعد گوادر کے عوام کو شدید پریشان کیا گیا۔گوادرکو آفت زدہ قرار دینے کے باوجود عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا۔آل پارٹیز کو منظم بنا کر گوادر عوام کے مسائل کی حل کے لیے نئے سرے سے جدوجہد کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار آل پارٹیز گوادر کے زیر اہتمام گوادر پریس کلب میں منعقدہ پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا۔انھوں نے کہا کہ گوادر پورٹ سٹی اور معاشی حب ہے ساحل مکران کا مشہور ترین شہر ہونے کے ساتھ ساتھ یہ شہر ہمیشہ سیاسی سرگرمیوں کا مرکز رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ عالمی قوتیں چین اور امریکہ اپنے معاشی مقاصد کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ صف آرا ہیں مگر افسوس کی بات ہے کہ بلوچستان کے حقیقی فرزندوں اور مقامی سیاسی قوتوں کو پس پشت ڈالنے کی روایات ابھی تک جاری ہے انھوں نے کہا کہ سانحہ 28 جولائی کے بعد گوادر عوام کو ایک اجتماعی سزا سے دوچار ہونا پڑا پانی ،گیس، بجلی ، انٹرنیٹ فون اور ٹرانسپورٹ سے 16 روز تک بند رہے جلسے میں موجود افراد کے املاک کو نقصان پہنچایا گیا اور آج تک سینکڑوں موٹر سائیکل سرکار کی تحویل میں ہیں۔انھوں نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ تمام موٹر بائیکس کو مالکان کے حوالے کر دیا جائے۔انھوں نے کہا کہ آل پارٹیز اتحاد عوامی مسائل کو اجاگر کرنے میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔ احتجاج اور جیل بھرو تحریک سے لیکر سرکاری افسران کے دفاتر میں مسائل اٹھانے تک آل پارٹیز اتحاد ہرجگہ جدوجہد کرتی رہی ہے ہم نے ایک مرتبہ پھر آ ل پارٹیز اتحاد کو منظم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اور یاداشت پیش کرنا چاہتے ہیں کہ سی پیک اور اس سے ملحقہ دیگر میگا پروجیکٹس کے لیے ہمارے مائی گیروں اور عوام نے قربانیاں دیں جن کی وجہ سے ہزاروں ایکڑ اراضی سے عوام محروم ہوئے انھوں نے کہا کہ ہم نے اپنے خوبصورت ساحل کی قربانی دیکر ایکسپریس وے اور بزنس وے کی تعمیر میں رکاوٹ نہیں ڈالا۔ ان تمام باتوں سے عیاں ہوتی ہے کہ ہم سی پیک اور ترقی کے خلاف نہیں۔ ہم ترقی چاہتے ہیں لیکن ترقی برائے راست عوام کے لیے ہو۔ انھوں نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ گوادر پورٹ کی آمدنی کا 50 فی صد گوادر لوکل گورنمنٹ کو دی جائے گوادر پورٹ کو صوبائی حکومت کی کنٹرول میں لایا جائے اور مقامی نوجوانوں کو پورٹ اتھارٹی میں ملازمتوں میں ترجیح دی جائے انھوں نے کہا کہ نئی تعمیر شدہ ائیرپورٹ میں مقامی تعلیم یافتہ نوجوانوں کو نظر انداز کرنے کی پالیسی ترک کی جائے انھوں نے کہا کہ سیلاب کے بعد صوبائی حکومت نے گوادر کو آفت زدہ قرار دیا تھا مگر اس کے باوجود یوٹلٹی بلز نہیں نہیں کئے گئے اور نہ ہی عوام کو کوئی ریلیف دیا گیا۔ شدید بارشوں سے گوادر میٹ سینکڑوں مکانات منہدم ہوگئی ضلع بھر میں سینکڑوں کشتیاں سمندر برد ہوگئی لیکن اربوں روپے کے فنڈز تو جاری ہوئے لیکں گئے کہان کسی متاثرین کو ریلیف نہیں ملا۔ انھوں نے کہا کہ اگر ضلعی انتظامیہ اور صوبائی و وفاقی حکومتوں نے گوادر کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل نہیں کئے تو آل پارٹیز اتحاد گوادر ایک منظم طریقے سے احتجاج کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ آل پارٹیز اتحاد اب باہم متحد ہو کر ایک منظم جدوجہد کا اعادہ کرتی ہے اور جمہوری انداز میں عوام کے مسائل حل کرنے کی سعی کرے گی اپنے حقوق کے حصول کے لیے باہم متحد ہو کر ایک منظم طریقے سے جدوجہد کرے گی۔ اس موقع پر آل پارٹیز اتحاد کے کنوینر عبدالغفور ہوت۔ ڈپٹی کنوینئر مولانا عبدالحمید انقلابی ، سعید فیض ایڈوکیٹ ، کہدہ علی ، خداداد واجو ، ماجد سہرابی ، مولا بخش مجاہد ، شاہد اسحاق ، مولانا عبدالہادی ، عثمان کلمتی ، اور ایڈوکیٹ زاہد کریم نے خطاب کیا۔