رضوان شیخ نے امریکا میں پاکستان کے سفیر کا عہدہ سنبھال لیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)امریکا میں پاکستان کے نامزد سفیر رضوان سعید شیخ نے اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھال لیں، انہوں نے کہا ہے کہ پاک امریکا تعلقات کو مضبوط بنانا، معاشی تعلقات کو مضبوط بنانا اور عوامی رابطوں کو فروغ دینا ان کی اولین ترجیحات ہوں گی۔
مشن افسران سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے امریکا میں پاکستانی کمیونٹی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے انہیں ملک کا قیمتی اثاثہ قرار دیا۔
پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے مزید کہا کہ کمیونٹی پاک امریکا تعلقات میں مضبوط پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے اپنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ امریکا میں پاکستانی کمیونٹی کے لیے اپنی بہترین خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔
اس سے قبل واشنگٹن پہنچنے پر امریکی محکمہ خارجہ اور پاکستانی سفارت خانے کے حکام نے ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا تھا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل امریکا میں پاکستان کی جانب سے سفارت کاری کے فرائض سردار مسعود خان سرانجام دے رہے تھے جو 29کو اپنے عہدے سے ریٹائرڈ ہو گئے تھے۔
امریکا میں پاکستان کے سفیر سردار مسعود خان کے اعزاز میں دیے گئے الوداعی عشائیہ کے موقع پر امریکا کی پرنسپل نائب معاون وزیر خارجہ ایلزبتھ ہورسٹ نے کہا تھا کہ امریکا کے دفتر خارجہ کی جانب سے یہ پیغام دینا چاہتی ہوں کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات کئی سالوں کی نسبت اس وقت بہترین مقام پر ہیں۔