کچے کے ڈاکوؤں کا پولیس پر حملہ ناقابل قبول، مریم نواز نے آپریشن کا اعلان کردیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)جنوبی پنجاب کے علاقے رحیم یار خان میں کچے کے ڈاکوؤں نے پولیس موبائل وین پر راکٹ حملہ کرکے 12 پولیس جوانوں کو شہید اور 6 کو زخمی کردیا، جبکہ 5پولیس جوان لاپتا ہوگئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کرنے کا حکم دے دیا۔
گزشتہ روز جنوبی پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کے ماچھکہ کے علاقے میں بارش کے پانی کے باعث کیچڑ میں پھنسی 2 پولیس گاڑیوں کو کچے کے ڈاکوؤں نے بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 12 پولیس جوان موقع پر ہی شہید ہوگئے جب کہ دیگر 6 شدید زخمی ہوگئے ہیں۔
یہ علاقہ گوٹکی اور اوباڑہ کی سرحد کے قریب ہے جہاں گوٹکی کے ایک پولیس آفیسر نے تصدیق کی ہے کہ ڈاکوؤں نے اچانک یہ ہولناک حملہ رحیم یار خان کے دریائی علاقے ماچھکے میں کیا، جب گاڑیاں شدید بارش کے باعث کیچڑ میں پھنسی ہوئی تھیں۔ واقعے پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نوٹس لیتے ہوئے افسران کو فوری ڈاکوؤں کا خاتمہ کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز نے اس سانحہ میں اغوا کرلیے گئے پولیس اہلکاروں کی فوری طور پر بازیابی کے لیے آپریشن کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ کے حکم پر پنجاب پولیس کے آئی جی ڈاکٹر عثمان انور خود رحیم یار خان پہنچ گئے ہیں۔ مریم نواز نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ اس سانحہ میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ اس افسوسناک واقعے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، یہ ہو نہیں سکتا کہ اس کا بدلہ نہ لیا جائے، تمام اغوا کیے گئے پولیس اہلکاروں کی فوری بازیابی کے لیے آپریشن کیا جائے گا اور  لاقانونیت کی آماجگاہوں کو مکمل طور پر نابود کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اس حوالے سے مزید بتایا کہ سیکرٹری داخلہ نور الامین مینگل، آئی جی پنجاب، ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی آپریشن نگرانی کے لیے روانہ ہوگئے ہیں اور ٹیم کو واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ اس معاملے کا فیصلہ کن حل ہونا چاہیے۔