مکسڈ مارشل آرٹس ایشین چیمپیئن شپ، پاکستانی خواتین فائٹرز نے گولڈ میڈلز جیت لیے


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)مکسڈ مارشل آرٹس ایشین چیمپیئن شپ میں پاکستانی خواتین فائٹرز نے شاندار کاکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈلز حاصل کرلیے۔ قومی فائٹر بانو بٹ نے جونیئر جبکہ ایمان خان نے سینیئر کیٹیگریز میں طلائی تمغے حاصل کیے۔
لاہور میں منعقد ہونے والی پہلی مکسڈ مارشل آرٹس چیمپیئن شپ اختتام پذیر ہوگئی ہے جس میں پاکستان کی خواتین فائٹرز کی کارکردگی لاجواب رہی، بانو بٹ اور ایمان خان کے سامنے کوئی حریف ٹک نہ سکا۔ بینٹم ویٹ میں پاکستان کی بشریٰ احمد نے سلور میڈل حاصل کیا۔
جونیئر کیٹیگری کے فائنل میں بانو بٹ کے جارحانہ اٹیک کے باعث قازقستان کی فائٹر کو سنبھلنے کا موقع نہ ملا۔ سینیئر کیٹیگری کے فائنل میں ایمان خان نے قازقستان کی فائٹر کو ناک آوٹ کردیا۔
مردوں کے مقابلوں میں پاکستانی شہاب خان، ذیشان اکبر اور عبدالمنان نے مختلف کیٹیگریز میں سلور میڈلز حاصل کیے، سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم اظہر علی نے تمام پاکستانی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔ مکسڈ مارشل آرٹس ایشین چیمپیئن شپ میں 23 ممالک کے 180 کھلاڑیوں نے شرکت کی۔