کارساز واقعہ: سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے قومی صحت نے ملزمہ نتاشا کی میڈیکل رپورٹ طلب کرلی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ایوان بالا (سینیٹ) کی قائمہ کمیٹی برائے قومی صحت نے کارساز سانحہ کا نوٹس لے لیا ہے۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قومی صحت کے چیئرمین عامر ولی الدین چشتی نے کہا میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ کمیٹی نے کارساز سانحے کا نوٹس لیتے ہوئے متعدد افراد کو کچلنے والی خاتون کے میڈیکل ٹیسٹ اور صحت پر جناح اسپتال انتظامیہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
عامر ولی الدین چشتی نے کہا کہ ملزمہ کے ٹیسٹ اور دیگر پروسیجر کے بارے میں عوام میں شکوک پائے جارہے تھے، یقینی بنائیں گے کہ کوئی فاؤل پلے نہ ہو۔
انہوں نے بتایا کہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قومی صحت کا اجلاس آج ہونا تھا، تاہم ناگزیر وجوہات کی بنا پر اجلاس ملتوی کرنا پڑا، کمیٹی اجلاس میں اس واقع پر تفصیلی بحث ہوگی، انسانی جانیں ضائع ہوئیں جس پر بہت افسوس ہوا ہے۔
یاد رہے کہ کراچی کے کارساز روڈ پر رواں ہفتے ایک المناک حادثہ پیش آیا، ایک گاڑی نے موٹرسائیکل سواروں کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں باپ اور بیٹی جاں بحق ہوئے۔
اس معاملے میں ایک اور ویڈیو بھی سامنے آئی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون ڈرائیور نے اسی سڑک پر ایک اور سفید رنگ کی گاڑی کو بھی ٹکر ماری تھی۔
منظر عام پر آنے والی نئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون نتاشا نے اسی روڈ پر پہلے ایک سفید رنگ کی گاڑی کو ٹکر ماری، سفید گاڑی سامنے سے آئی تو خاتون نے اپنی گاڑی کی رفتار کو کم کیا اور پھر تیزی سے گاڑی چلا دی۔
ویڈیو میں واضح دکھائی دے رہا ہے کہ خاتون نے اسی سڑک پر گاڑی کے عقبی دروازے کو ٹکر ماری، گاڑی کے پیچھے موجود موٹر سائیکل پر سوار دو افراد کو بھی ٹکر ماری جس سے وہ گرگئے اس پھر خاتون تیزی سے گاڑی چلاتے ہوئے وہاں سے فرار ہوگئی۔
نئی ویڈیو میں واقعہ شام 6 بجکر 11 منٹ پر پیش آیا، تاہم خاتون وہاں سے فرار ہوکر آگے پہنچی جہاں اس نے موٹرسائیکل ہر سوار باپ اور بیٹی کو ٹکر مار کر ہلاک کردیا۔
پولیس نے بھی اس بات کی نشاندہی کی ہے کہ خاتون پہلے واقعے سے فرار ہوتے ہوئے گاڑی کو تیز چلا رہی تھی، تیز رفتاری کے باعث دوسرا حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 2افراد کی موت ہوئی۔
واضح رہے خاتون اس وقت پولیس کی حراست میں ہے اور عدالتی ریمانڈ پر ہے، خاتون کے وکیل کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ خاتون ذہنی مریضہ ہے لیکن جناح اسپتال کی رپورٹس کے مطابق خاتون کا دماغی توازن بالکل درست ہے۔