کچے میں آپریشن بھرپور طاقت سے جاری رہے گا، جوانوں کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے، آئی جی پنجاب


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انور نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس کا مورال بلند ہے، بزدلانہ کارروائیاں ملک و قوم کی حفاظت میں جانیں قربان کرنے والی پولیس فورس کا مورال پست نہیں کر سکتیں،کچہ کے ڈاکوؤں کے خلاف پولیس آپریشن بھرپور طاقت سے جاری رہے گا، جوانوں کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ ذوالفقار حمید، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم سیال دیگر سینئر افسران کے ہمراہ رحیم یار خان پہنچ گئے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور پنجاب پولیس کی دیگر اعلیٰ قیادت کے ہمراہ کچہ ماچھکہ میں جائے وقوعہ اور پولیس کیمپوں کا دورہ کریں گے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب کچہ ماچھکہ سانحہ کے اسپتال میں زیر علاج زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت کی۔ آئی جی پنجاب اور سینئر پولیس افسران سانحہ کچہ ماچھکہ کے شہدا کی نماز جنازہ میں شرکت بھی کریں گے۔
ترجمان کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے زخمیوں سے گفتگو میں کہا کہ پولیس کے شہدا کی قربانیوں کا پنجاب پولیس انٹیلی جنس ایجنسیوں کے تعاون بھر پور سے بدلہ لے گی۔ پنجاب پولیس کچہ کے ڈاکوؤں اور کریمینلز کے خلاف عنقریب بھرپور کارروائی کرنے جارہی ہے۔
ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ڈاکوؤں نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر چھپ کر بزدلانہ حملہ کیا۔ یاد رہے کہ گزشتہ شب کچہ ماچھکہ کے سانحہ میں 12 پولیس اہلکار شہید اور 08 زخمی ہوئے تھے۔