جرمنی میں اسکالرشپ کے خواہشمند پاکستانی طلبا کےلئے خوشخبری


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)بلوچستان میں جرمنی کے اعزازی قونصل میر مراد بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے طلبا بہت جلد جرمنی میں اسکالرشپس پر اعلیٰ تعلیم حاصل کرسکیں گے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق مراد بلوچ نے چیف ایگزیکٹیو آفیسر بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ محمد زکریا خان نورزئی سے کوئٹہ میں ملاقات کی جبکہ ملاقات میں جرمن یونیورسٹیز میں طلبا کے اسکالرشپس سمیت اہم امور پہ تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس دوران مراد بلوچ نے بتایا کہ بلوچستان حکومت کے ساتھ مل کر منصوبہ بندی کی جارہی ہے کہ 40 سے 50 طالب علم ہرسال اسکالر شپ پر اعلیٰ تعلیم کے لیے جرمنی جائیں۔
میر مراد بلوچ نے سی ای او بیف کو بلوچستان کے طلبا کے لیے جرمنی میں اسکالرشپ کے مواقع کے بارے میں آگاہ کی اور بتایا کہ بلوچستان کے طلبا بہت جلد جرمنی میں اسکالرشپس پر اعلی تعلیم حاصل کرسکیں گے۔
جرمنی کے اعزازی قونصل مراد بلوچ کا کہنا تھا کہ جرمنی میں ہر سال بلوچستان سے کئی طلبا اعلیٰ تعلیم کے لئے داخلہ لیتے ہیں۔