بلوچستان

انتخابات میں فارم 47 کے ذریعے ڈرگ اور لینڈ مافیا کو عوام پر مسلط کردیا گیا، نیشنل پارٹی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر و رکن بلوچستان اسمبلی اور نیشنل پارٹی کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی پھلین بلوچ کی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پارٹی کے دوستوں اور مختلف وفود سے ملاقات۔ نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ورکن بلوچستان میر رحمت صالح بلوچ رکن قومی اسمبلی پھلین بلوچ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل پارٹی عوام کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے اور عوام کو طاقت کا محور قرار دیتی ہے۔ انتخابات میں دھاندلی کی نئی قسم فارم 47 متعارف کرایا گیا اور نیشنل پارٹی کے عوامی مینڈیٹ کو چرایا گیا۔ قائدین نے کہا کہ نیشنل پارٹی نے عام انتخابات سے پہلے عوامی موبلائزیشن کرتے ہوئے ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انتخابات کے دن عوام نے ووٹ کی طاقت کو استعمال کرتے ہوئے نیشنل پارٹی کو بلوچستان کی اکثریتی جماعت کے طور پر کامیابی دلا دی لیکن افسوس راتوں رات عوام کے ووٹ کی طاقت پر ڈرگ مافیا، لینڈ مافیا حاوی ہوگئے اور فارم 47 کے ذریعے مسلط ہوگئے۔ نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر نے کہا کہ انتخابات میں جو تاریخی دھاندلی کی گئی اس نے نوجوانوں میں مایوسی پھیلا دی۔جس سے عوام ملکی اداروں پر عدم اعتماد کی کیفیت میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ منفی حرکتوں سے ملکی اداروں کی ساکھ ختم ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف سیاسی کارکن سیاسی جمہوری عمل کو مضبوط کرنے میں توانائی صرف کرتا ہے لیکن اس کو مختلف انتقام کا نشانہ بنایا جاتا ہے تو دوسری طرف آئین کو توڑنے و غلط استعمال کرنے اور ملکی سلامتی کو بکھیرنے والے کو نوازا جاتا ہے۔ نیشنل پارٹی کے قائدین نے کہا کہ مینڈیٹ چرانے کے بعد نیشنل پارٹی نے جمہوری و آئین کا راستہ اختیار کرتے ہوئے دھاندلی کے خلاف الیکشن کمیشن اور ٹریبونل سے رجوع کیا۔تاکہ عوام کی حقیقی ووٹ کو بازیاب کراکے حقیقی نمائندوں کو لائے۔انہوں نے کہا کہ عوام کی امید اب انصاف کے اداروں کی طرف ہے۔کہ وہ فارم 47 کو مسترد کرتے ہوئے حقیقی نمائندوں کو حقیقی نمائندگی فراہم کریگی۔

متعلقہ خبریں