سیلاب میں پھنسے خاندان کو بچانے والے ڈرائیور کیلئے 5 لاکھ روپے انعام کا اعلان


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان میں سیلاب میں پھنسے خاندان کو بچانے پر ایکسکیویٹر ڈرائیور محب اللہ کو کور کمانڈر کوئٹہ نے 5 لاکھ کا انعام دیا ہے جبکہ ان کے بیٹے کو بلوچستان ایجوکیشن پروگرام کے تحت اسکالر شپ بھی دی گئی ہے۔بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ میں ایکسویٹر ڈرائیور محب اللہ کو سیلاب کے پانی میں پھنسے ایک خاندان کے 5 افراد کو بچانے پر ایک ہیرو کے طور پر سراہا گیا ہے۔قلعہ عبداللہ کے گاوں ارمبی کے علاقے ٹوبہ اچکزئی میں ایک کار سیلاب کے پانی میں پھنس گئی تھی، جس میں 5 افراد سوار تھے، خدشہ تھا کہ سیلاب کا پانی گاڑی کو بہا لے جائے گا، جس پر مقامی باشندوں نے ایکسکیویٹر ڈرائیور محب اللہ کو مدد کے لیے پکارا۔محب اللہ نے پھنسے ہوئے خاندان تک پہنچنے کے لیے اپنی حفاظت کو خطرے میں ڈالنے سے دریغ نہیں کیا اور اپنے ایکسکیویٹر کا استعمال کرتے ہوئے خطرناک حالات سے کامیابی کے ساتھ مقابلہ کیا اور سیلاب کے پانی میں پھنسے 5 افراد کو بچا لیا۔محب کے ریسکیو آپریشن کو بڑے پیمانے پر سراہا گیا ہے، جو بحران کے وقت بے لوث اور قربانی کے جذبے کو اجاگر کرتا ہے، ان کی بہادری کے اعتراف میں کور کمانڈر کوئٹہ نے انہیں 5 لاکھ روپے بطورانعام سے نوازا، اس علاوہ ان کے بیٹے کو بلوچستان ایجوکیشن پروگرام کے تحت سکالر شب بھی دی گئی ہے۔