گوادر پورٹ پر تجارتی سرگرمیوں کے آغاز کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جی ڈی اے
کراچی/گوادر(قدرت روزنامہ)وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں گوادر پورٹ پر تجارتی سرگرمیوں کے آغاز کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جس سے گوادر میں معاشی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز ہو گا۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں گوادر کی ترقی میں خصوصی دلچسپی لے رہی ہیں اور ترقیاتی منصوبوں میں مقامی آبادی کی شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے م¶ثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ یہ بات گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل شفقت انور شاہوانی نے ایک نجی ٹیلیویژن چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ پر تجارتی سرگرمیوں کے آغاز اور فری زون میں صنعتوں کے قیام سے روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا جس سے مقامی سطح پر نوجوان مستفید ہونگے اور شہر کی معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تقریباً 2,500 ایکڑ پر مشتمل سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کے قیام اور خصوصی اقتصادی ڈسٹرکٹ ڈکلیئر ہونے سے گوادر خطے کا سب سے بڑا معاشی حب بننے جا رہا ہے، جس سے سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ ہوگا اور ہزاروں افراد کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے۔ انہوں نے گوادر کے دیرینہ پانی کے مسئلے کے حل کے حوالے سے بتایا کہ حکومت کی جانب سے نئے ڈیمز کی تعمیر کی گئی ہے اور گوادر شہر کو ان ڈیمز سے منسلک کر دیا گیا ہے، جس سے پانی کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہو چکا ہے۔ علاوہ ازیں، اعلیٰ و معیاری تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے جدید ترین اسکول اور ہسپتال قائم کیے گئے ہیں۔ شہر میں پارکس، کھیل کے میدان، فشنگ جیٹیز اور نئی شاہراہیں بھی تعمیر کی جاچکی ہیں، جبکہ پرانی آبادی کو جدید انفراسٹرکچر کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کے لیے اولڈ ٹا¶ن بحالی منصوبے پر بھی کام جاری ہے۔ جی ڈی اے کے ان ترقیاتی منصوبوں سے مقامی آبادی کو براہ راست فوائد حاصل ہو رہے ہیں، جس سے گوادر کی ترقی کی رفتار میں مزید اضافہ ہوگا۔