جے یو آئی اور تحریک انصاف کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)جمعیت علما اسلام اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
جے یو آئی ف اور پی ٹی آئی کے اجلاس میں پارلیمنٹ میں کسی بھی ممکنہ قانون سازی کے لیے 2کمیٹیاں تشکیل دینے پر اتفاق کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ دونوں کمیٹیوں کا ایک 2 روز میں ملاقات کرنے اور قانون سازی پر متفقہ لائحہ عمل بنانے پر اتفاق کیا گیا ہے، کمیٹیوں میں جے یو آئی ف کے کامران مرتضیٰ اور مولانا عبدالغفور حیدری جبکہ پی ٹی آئی کے بیرسٹر گوہر اور شبلی فراز شامل ہوں گے۔
واضح رہے گزشتہ روز پی ٹی آئی کے وفد نے جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی تھی، جس میں ملکی سیاسی صورتحال پرمشاورت کی گئی اور کئی فیصلے کیے گئے۔
اس موقع پر ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں قانون سازی پر مشترکہ طور پر آگے بڑھنے کا فیصلہ ہوا ہے۔
ترجمان جے یو آئی اسلم غوری کا کہنا تھاکہ وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی، پارلیمان میں روزانہ کے معاملات پر اکٹھے آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا ہے۔