فرحان اختر نے ‘ڈان 3’ میں شاہ رخ خان کی جگہ رنویر سنگھ کو کیوں کاسٹ کیا؟


ممبئی(قدرت روزنامہ)بالی ووڈ کے فلمساز فرحان اختر نے کرائم تھرلر فلم ‘ڈان 3′ میں میگا اسٹار شاہ رخ خان کی جگہ اداکار رنویر سنگھ کو کاسٹ کرنے کی وجہ بتا دی ہے۔
فرحان اختر نے گزشتہ سال فلم ‘ڈان 3′ بنانے کا اعلان کیا تھا، فلمی شائقین کا خیال تھا کہ ‘ڈان’ کے تیسرے سیکوئل میں بھی شاہ رخ خان ہی مرکزی کردار ادا کریں گے لیکن جب فلمساز نے کنگ خان کی جگہ فلم میں رنویر سنگھ کو کاسٹ کرنے کا اعلان کیا تو مداح مایوس ہوگئے تھے۔
اب فرحان اختر نے اپنے حالیہ انٹرویو میں اس پر بات کی اور شاہ رخ خان کی جگہ رنویر سنگھ کو کاسٹ کرنے پر وضاحت پیش کی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فرحان اختر نے کہا کہ جب میں نے ‘ڈان 3′ بنانے کے بارے میں سوچنا شروع کیا تھا تو میرے ذہن میں شاہ رخ خان کو کاسٹ کرنے کا خیال آیا تھا، میں نے شاہ رخ خان کے ساتھ ملکر کہانی لکھنے کا سوچا لیکن ہمارے ذہن نہیں مل سکے جس کی وجہ سے کنگ خان ‘ڈان 3′ کی کاسٹ کا حصہ بننے میں ناکام رہے۔
اُنہوں نے کہا کہ مجھے فلم کی کہانی سے متعلق کچھ سمجھ نہیں آرہا تھا، میں نے اس پر دوبارہ سوچنا شروع کیا اور پھر میں نے کہانی لکھنے کے مرحلے کا آغاز کیا۔
فلمساز نے کہا کہ کہانی لکھنے کے بعد، مجھے مرکزی کردار کے لیے ایک کم عُمر اداکار کی تلاش تھی اور پھر میرے ذہن میں رنویر سنگھ کا خیال آیا جس کے بعد، میں نے اُنہیں ‘ڈان 3′ کے لیے فائنل کیا۔
واضح رہے کہ فرحان اختر اور رتیش سدھوانی کی ‘ایکسل انٹرٹینمنٹ’ کی طرف سے پروڈیوس کردہ فلم ‘ڈان 3′ میں رنویر سنگھ کے ہمراہ کیارا ایڈوانی ہیروئن کا کردار ادا کریں گی۔