راولپنڈی(قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا کہ ہم پاگل نہیں کہ سیاست میں آئیں . یہاں سیاست تو ہو ہی نہیں رہی ہے .
علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سب کو ایک فکر ہے کہ ہم سیاست میں نہ آجائیں . کوئی ہم سے پوچھ کیوں نہیں لیتا کہ ہم سیاست میں آنا چاہتے ہیں کہ نہیں . ہم پاگل ہیں جو سیاست میں آئیں یہاں سیاست تو ہو ہی نہیں رہی ہے . ہم بتا بتا کر تھک گئے ہیں کہ آپ نہ ڈریں ہم سیاست میں نہیں آنا چاہتے .
علیمہ خان نے مزید کہا کہ اسکرپٹ تو تبدیل کرلیں . آپ کہتے ہیں کہ بشریٰ یا علیمہ پارٹی کو ٹیک اوور کررہی ہیں . آپ تین، چار خواتین سے ڈر رہے ہیں . ہمیں میڈیا سیل بھی دیکھنا ہے، کیسز بھی دیکھنے ہیں اور عمران خان کی حفاظت بھی کرنا ہے . ہمارے پاس کرنے کو بہت کچھ ہے . ن لیگ کے پاس کرنے کو کچھ نہیں ہے .
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ تعینات عملہ تیسری بار تبدیل کردیا گیا . عمران خان نے بتایا ہے کہ تعینات لوگوں کو بھی دور بیٹھنے کی ہدایت ہے تاکہ وہ ان سے بات نہ کرلیں . ملک کے مستقبل کی بات ہے 8 ستمبر کو جلسے میں ہم سب شامل ہوں گے . یہ 8 ستمبر کو دوبارہ کہیں گے کہ بم پھٹنے لگا ہے . ہم رکیں گے نہیں ہم 8 ستمبر کو آ رہے ہیں .