آرمی چیف سے چینی پیپلز لبریشن آرمی کے کمانڈر کی ملاقات، دفاعی تعاون پر بات چیت


راولپنڈی(قدرت روزنامہ)چینی پیپلز لبریشن آرمی گراؤنڈ فورسز کے کمانڈر جنرل لی چیاؤمنگ نے آج جنرل ہیڈ کوارٹرز میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی، فوجی تربیت اور دو طرفہ دفاعی تعاون کو مزید بڑھانے کے اقدامات پر تفصیلی بات چیت کی۔
جنرل سید عاصم منیر نے پاکستان آرمی اور چینی پیپلز لبریشن آرمی کے درمیان مضبوط تعلقات کو اجاگر کیا۔ ارمی چیف نے دو طرفہ فوجی تعاون کو دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کی علامت قرار دیا۔
چینی کمانڈر نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔ پاکستان آرمی کی بے مثال پیشہ ورانہ مہارت اور لگن کا اعتراف کیا۔
جنرل سید عاصم منیر نے چینی مہمان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ جنرل ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر جنرل لی چیاؤمنگ نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی جبکہ پاک فوج کے ایک چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔