غیر معمولی حالات میں غیر معمولی اقدامات کیلئے تیار، پولیس اور لیویز کو جدید آلات سے لیس کریں گے، سرفراز بگٹی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان نے سی ٹی ڈی، پولیس اور لیویز کو جدید آلات سے لیس کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت غیر معمولی حالات میں غیر معمولی اقدامات کے لیے تیار ہے۔کوئٹہ میں وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے سینٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا۔ چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر خان بھی وزیر اعلیٰ کے ہمراہ تھے۔سرفراز بگٹی کو صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔شرکا سے خطاب میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ہدایت کی کہ سی ٹی ڈی، پولیس، لیویز اور تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے سیکیورٹی کا جامع پلان مرتب دیں، کسی بھی افسوسناک واقعے کی صورت میں مؤثر اور فوری ردعمل دیا جائے جبکہ شاہراہوں کی حفاظت کے لیے گشت کو بڑھایا جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ حکومت غیر معمولی حالات میں غیر معمولی اقدامات کے لیے تیار ہے اور بدامنی اور انتشار پھیلانے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ حکومت پوری قوت سے افسوسناک واقعات میں ملوث عناصر کو منطقی انجام تک پہنچائی گی، تخریب کاروں اور ان کے سہولت کاروں کو ہر صورت کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔