اسلام آباد بلدیاتی انتخابات ترمیمی بل قومی اسمبلی میں کثرت رائے سے منظور


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اسلام آباد بلدیاتی انتخابات ترمیمی بل2024 قومی اسمبلی میں کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اسلام آباد بلدیاتی انتخابات ترمیمی ایکٹ 2024وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے پیش کیا، انہوں نے کہا کہ یہ بل گراس روٹ پر سروسز فراہم کرنے کے لیے لایا جا رہا ہے۔
بل سے اسلام آباد بلدیاتی انتخابات سے یونین کونسل کی سطح پر زیادہ نمائندگی دینے سے لوگوں کے کام کرنے میں آسانی ہوگی۔
جے یو آئی رکن عالیہ کامران نے کہا کہ مجھے بتایا جائے کیسے یہ ہوگا، ویسے تو ارکان کو بلز ملتے نہیں اور یہ بل لمحوں میں ہر رکن کے پاس پہنچ چکا تھا ۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ اس بل کو جتنی جلدی منظورکرلیں اتنا ہی اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے لیے بہتر ہے۔
قومی اسمبلی نے کثرت رائے سے بل کی منظوری دے دی جبکہ اپوزیشن نے مخالفت کی۔
بل کے تحت قومی اسمبلی نے اسلام آباد بلدیاتی ایکٹ 2024کی بھی منظوری دے دی جس کے بعد اسلام آباد بلدیاتی انتخابات ایکٹ میں یونین کونسل کی سطح پر منتخب نمائندوں کی تعداد بڑھ گئی۔
قومی اسمبلی سے منظور بل کے تحت ہر یونین کونسل 15 ممبران پر مشتمل ہوگی، یونین کونسل چیئرمین وائس چیئرمین،9جنرل ممبران کےعلاوہ خاتون ،نوجوان،اقلیت اور ٹیکنوکریٹ یا مزدور ممبران پر مشتمل ہوگی۔
بل کے تحت چیئرمین اور وائس چیئرمین کا انتخاب براہ راست نہیں ہوگا، ہر یونین میں 9جنرل ممبران کا براہ راست انتخاب کیا جائے گا جبکہ یونین کونسل سطح پر ووٹرز جنرل ممبران منتخب کریں گے ۔
بل کے تحت ہر یونین کونسل سطح پر 9 منتخب جنرل ممبران خفیہ رائے شماری کے ذریعے خاتون، اقلیت، نوجوان اور ٹیکنوکریٹ یا مزدور کی نشست کے اراکین کا چناؤ کریں گے، جبکہ یونین کونسل کے منتخب جنرل ممبران اور مخصوص نشستوں کےارکان چیئرمین اور وائس چیئرمین کا انتخاب کریں گے۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی سے منظوری کے بعد بل آج سینیٹ میں پیش کیا جا ئے گا۔