اسلام آباد؛ فیکٹری کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر 4مزدور جاں بحق
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)تھانہ ہمک کے علاقے کہوٹہ روڈ پر فیکٹری کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر 4 مزدور جاں بحق ہوگئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق چھت گرنے سے 8 مزدور ملبے تلے دب گئے جن میں سے تین مزدوروں کو زندہ نکال لیا گیا جبکہ 4 جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق ایک مزدور کے تاحال ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاع ہے جسے نکالنے کے لیے کوشش کی جا رہی ہے۔
جاں بحق ہونے والوں میں سے 3 کا تعلق تونسہ شریف اور ایک کا تعلق ملیر کراچی سے ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں لکی، سجاد، کبیر اور اعجاز شامل ہے۔
اسلام آباد پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں جبکہ متعلقہ ایس پی، ایس ڈی پی او و دیگر افسران موقع پر موجود ہیں۔