فضل الرحمان کا کل تاجروں کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان
پشاور(قدرت روزنامہ) جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے 28 اگست کو تاجروں کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کردیا گیا۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ تاجروں کی کل ملک بھر میں ہونے والی ہڑتال کی مکمل حمایت کرتے ہیں، مہنگائی اور ناجائز ٹیکس نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے ۔
جے یو آئی سربراہ کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے حکم پر بنے بجٹ نے عوام کے منہ سے نوالا چھین لیا ہے، جے یو آئی کارکن پرامن ہڑتال کو کامیاب بنائیں، ملک بھر میں جے یو آئی بزنس فورمز اس ہڑتال میں بھر پور حصہ لیں۔
مرکزی تنظیم تاجران اور آل پاکستان انجمن تاجران نے تاجر دوست اسکیم اور ٹیکسز کے خلاف 28 اگست کو ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔
مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کاشف چوہدری اور اجمل بلوچ نے کہا کہ نام نہاد تاجر دوست اسکیم ناقابل عمل ہونے کے باعث مسترد کرتے ہیں لہٰذا تاجر دشمن اسکیم کو فی الفور واپس لیا جائے اور دالوں، آٹے سمیت تمام اشیاء پر لگایا گیا ودہولڈنگ ٹیکس ختم کیا جائے۔