آصف اور رشید بلوچ کی جبری گمشدگی کو چھ سال مکمل ، سوشل میڈیا پر آگاہی مہم چلائی جائے گی،بلوچ وائس فار جسٹس
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچ وائس فار جسٹس کی جانب سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں اعلان کیا گیا ہے کہ خضدار کے رہائشی جبری لاپتہ آصف بلوچ اور رشید بلوچ کی جبری گمشدگی کو چھ سال مکمل ہونے پر 31 اگست کو شام 8 بجے سے 12 بجے تک سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر آگاہی مہم چلائی جائے گی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ آصف اور رشید کو 9 دیگر ساتھیوں کے ساتھ 31 اگست 2018 کو نوشکی کے مشہور پکنک زنگی ناوڑ سے اغوا کیا گیا تھا، بعد ازاں کوئٹہ میں سی ٹی ڈی نے انہیں میڈیا کے سامنے پیش کیا اور ان کی گرفتاری کا اعتراف کیا، تاہم انہیں کبھی عدالت میں پیش نہیں کیا گیا اور وہ تاحال جبری لاپتہ ہیں۔ ان کے کچھ دوسرے ساتھی کچھ عرصے بعد بازیاب ہو گئے تھے۔ترجمان نے زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مہم میں حصہ لیں اور انصاف کے لیے آواز بلند کریں۔