لیڈی ڈاکٹر کا قتل: بی جے پی کی ریاست بند کرو ہڑتال، مغربی بنگال میں حالات کشیدہ


ممبئی(قدرت روزنامہ)کلکتہ کے آرجی کار اسپتال میں زیادتی کے بعد قتل ہونے والی لیڈی ڈاکٹر کے قاتل اور دیگر ذمہ داروں کے خلاف مظاہروں پر پولیس تشدد کے خلاف بی جے پی کی جانب سے آج ‘بنگلا بند’ ہڑتال کی جا رہی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بی جے پی کی جانب سے گزشتہ روز ریاست مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کے استعفے کا مطالبہ کرنے والے طلبہ پر پولیس تشدد کے خلاف آج صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک کے لیے بنگلا بند ہڑتال کی جا رہی ہے۔
بی جے پی کے ریاستی صدر اور یونین وزیر سکانتا مجمدار نے مغربی بنگال کی حکومت کو آر جی کار اسپتال کے ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں نہ لانے پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ممتا بنرجی کی ظالمانہ حکومت کے خلاف بنگلا بند بہت ضروری ہے۔
مغربی بنگال کے اپوزیشن لیڈر سویندرا ادھی کاری نے بھی ریاستی پولیس کی جانب سے مظاہرین پر تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے پرامن احتجاج کرنے والے طلبہ پر دھاوا بولا۔
دوسری جانب مغربی بنگال کی ترنمول کانگریس حکومت نے بی جے پی کو لیڈی ڈاکٹر کے سفاکانہ قتل کو بڑھاوا دیکر ریاست میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔
ترنمول کانگریس کے رہنما کونال گھوش نے کہا کہ بی جے پی کی بنگلا بند کرنے کی کال ان کے ریاست میں حالات کو خراب کرنے کے ارادوں کو بے نقاب کرتا ہے۔
کونال گھوش نے کہا کہ مغربی بنگال میں ٹرانسپورٹ سروس کھلی رہے گی، بازار، مارکیٹیں اور کاروباری مراکز بھی کھلے رہیں گے اور ریاستی سرکاری ملازمین کو بھی معمول کے مطابق دفاتر آنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ 9 اگست کو کلکتہ کے آر جی کار اسپتال میں 31 سالہ لیڈری ٹرینی ڈاکٹر کو پولیس رضا کار سنجے رائے نے جنسی زیادتی کے بعد بے دردی سے قتل کر دیا تھا۔