بھارت: غیر اخلاقی ویڈیوز لیک کرنے پر لڑکی نے بوائے فرینڈ کو قتل کر دیا، لاش ٹکڑے کر کے پھینک دی


ممبئی(قدرت روزنامہ)بھارت میں ایک نوجوان لڑکی نے مبینہ طور پر اپنی غیر اخلاقی ویڈیوز لیک کرنے کی پاداش میں بوائے فرینڈ کو بے دردی سے قتل کر کے لاش کے ٹکڑے کر کے روڈ پر پھینک دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق لالیتھا کماری نے اپنے دوست جے پرکاش کو قتل کرنے کے بعد اس کی لاش کو ٹکڑے ٹکڑے کر کے ایک بیگ میں پیک کیا اور اسے روڈ کنارے پھینک دیا۔
لالیتھا کماری اور جے پرکاش کے درمیان گزشتہ 3 سال سے تعلقات تھے، جب جے پرکاش کو شک ہوا کہ لالیتھا کسی اور سے بھی بات کرتی ہے تو اس نے لالیتھا کی غیر اخلاقی ویڈیوز لیک کر دیں۔
رپورٹ کے مطابق لالیتھا نے جے پرکاش کو شادی کے معاملات طے کرنے کے بہانے مظفر پور میں واقع اپنے کزن کے گھر بلایا جہاں انہوں نے اپنے والد، بھائی اور بہنوئی کی مدد سے جے پرکاش کو بری طرح تشدد کرنے کے بعد قتل کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے جس میں دو افراد کو سائیکل پر جے پرکاش کی لاش کو لے جاتے دیکھا جا سکتا ہے۔
جے پرکاش کی لاش روڈ کنارے ایک تھیلے سے برآمد ہوئی، جے پرکاش کی والدہ نے معاملے کی ایف آئی آر بھی درج کرائی ہے جس میں انہوں نے کہا کہ ان کا بیٹا 4 ماہ قبل گھر آیا تھا جس کے بعد لڑکی نے اسے کسی سے بھی ملنے نہیں دیا اور اپنے گھر والوں کے ساتھ مل کر اس کا قتل کر دیا۔