لاہور(قدرت روزنامہ) جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ تمام راستے بند کیے گئے تو حکومت ہٹانے کی تحریک شروع کرسکتے ہیں .
منصورہ میں پریس کانفرنس میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہمارے ساتھ حکومت نے معاہدہ کیا اس کو 20 دن گزر گئے ہیں .
بجلی کے ٹیرف میں پورے پاکستان میں کمی ہونا چاہیے . تمام راستے بند کیے گئے تو حکومت ہٹانے کی تحریک شروع کرسکتے ہیں . آج کی ہڑتال جماعت اسلامی اور تاجروں کی نہیں پوری پاکستانی قوم کی ہڑتال ہے . ہمارا مسلہ پاکستان کے عوام اور ان کے مسائل ہیں .
حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ کراچی سے لے کر کے پی کے اور پنجاب کے عوام اظہار یکجتی کر رہے ہیں . اب ایسا نہیں چلے گا کہ آپ بجلی مہنگی کریں اور بے جا ٹیکس لگائیں . اب آئی پی پی کا بوجھ پاکستانی برداشت نہیں کریں گے . یہ مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال پہلا قدم ہے اس کے بعد تمام تاجر تنظیموں اور سیاسی و سماجی شخصیات سے مشاورت شروع کی جائے گی .
امیرجماعت اسلامی نے کہا کہ جب باجوہ صاحب کی ایکسٹینشن ہوئی تو تمام سیاسی جماعتوں نے حمایت کی تھی . جماعت اسلامی سمجھتی ہے کہ کسی بھی اہم شخصیت کی مدت میں توسیع کے لیے ضابطہ موجود ہے . ایکسٹینشن کے معاملات کی وجہ سے سیاستدانوں نے ایک دوسرے سے میل ملاپ شروع کیا ہے .