کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا غیر قانونی رہائشی اسکیمات کیخلاف کارروائی کا عندیہ


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کیو ڈی اے کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ شہر اور اطراف علاقوں میں کئی رہائشی اسکیمات پر بغیر اجازت عملدرآمد جاری ہے جو کیو ڈی اے آرڈنینس مجریہ 1978 کی خلاف ورزی ہے۔ ڈائریکٹر پلاننگ، کمرشل، ذین کاسی کے مطابق کئی پرائیویٹ رہائشی اسکیمات قانونی تقاضوں کو پورا کیے بغیر تعمیر کی جارہی ہیں۔ آرڈنینس 1978 کے مطابق کوئٹہ تحصیل میں کسی قسم کی تعمیرات، رہائشی کالونیوں، تجارتی مراکز، سرکاری وغیر سرکاری دفاتر، پیٹرول پمپس، سائن بورڈ، فیکٹریوں کیلئے کیو ڈی اے سے اجازت نامے اور منظور شدہ نقشہ حاصل کرنا ضروری ہے۔ لہٰذا ایسی تمام تعمیرات خلاف قانون ہونے کی وجہ سے منہدم کی جاسکتی ہیں جن کی پیشگی اجازت حاصل نہ کی گئی ہو۔ اعلامیہ میں عوام الناس سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ ایسی کسی بھی رہائشی کالونی، سوسائٹیز، نجی رہائشی منصوبوں وغیرہ میں خرید و فروخت سے گریز کریں جن کے پاس اجازت نامے اور منظور شدہ نقشہ نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ جلد کوئٹہ شہر اور اطراف علاقوں میں تمام غیر قانونی اسکیمات اور دیگر تعمیرات کیخلاف کارروائی شروع کی جارہی ہے اور اس حوالے سے حکمت عملی مرتب کرلی گئی ہے۔