اسلام آباد

ٹیکسوں کے نفاذ اور بجلی بلوں کیخلاف تاجروں کی ہڑتال، لاہور میں تاجر تنظیمیں منقسم


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)تاجردوست اسیکم، بجلی بلوں اور آئی پی پیز کپیسٹی چارجز کے خلاف تاجروں اور جماعت اسلامی کی کال پر کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں شٹر ڈاؤن رہا، بازار بند ہونے کے سبب شہر وں کی سڑکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ معمول سے کم رہا۔
اسلام آباد، کراچی، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے مختلف شہروں میں متعدد بازار بند رہے تاہم لاہور میں ہڑتال کی کال پر تاجر تنظیمیں تقسیم نظر آئیں۔ کوئٹہ میں تاجروں نے ٹیکسوں کے نفاذ کے خلاف مظاہرہ کیا، پشاور میں بھی احتجاجی ریلی نکالی گئی جبکہ اسلام آباد میں احتجاج کے پیش نظر ریڈ زون جانے والے راستے بند رکھے گئے۔
بجلی بلوں پر تاجر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ تاجر دوست اسکیم پر بجلی کے بھاری بلوں کا معاملہ نظرانداز نہ کیا جائے، دکانداروں کیلئے بجلی کے بلوں کی ادائیگی دشوار ترین ہے، حکومت اسے بھی حل کرے۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ تاجروں میں تقسیم پیدا کرنے کی کوشش ناکام ہو گئی، ملک بھر کی تاجر تنظیموں نے ہڑتال میں شرکت کی۔
اے این پی کی جانب سے بھی ہڑتال کی حمایت کی گئی، ہڑتال سے متعلق اے این کے مرکزی صدر ایمل ولی کا کہنا تھا کہ حکومت اور اشرافیہ اپنے خرچے ختم کریں تو عوام پر ٹیکس خود ہی کم ہوں گے۔
صدر پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن انور کاشف ممتاز نے حکومت کو رائے دی کہ ٹیکسوں کی شرح اور طریقہ کار پر تاجروں کے تحفظات کو ہرممکن طور پر دور کیا جائے لیکن معیشت کو دستاویز کرنے کی کوشش کو رول بیک نہ کیا جائے، تاجر نمائندے بھی تعاون کیلئے تیار ہیں۔

متعلقہ خبریں