عمران خان کو جیل میں 5 اسٹار ہوٹل کی سہولیات دی گئی ہیں، احسن اقبال


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وفاقی وزیراحسن اقبال کا کہنا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) عمران خان کو جیل میں 5 اسٹار ہوٹل کی سہولتیں دی گئی ہیں۔
احسن اقبال نے بیان میں کہا کہ جب میں اڈیالہ جیل میں تھا تو کیا قومی اسمبلی کا رکن نہیں تھا۔ میں اور رانا ثنا اللہ جیل میں رہ چکے ہیں۔ ہمارے مقابلے میں بانی پی ٹی آئی کو 5 اسٹار ہوٹل کی سہولیات دی گئی ہیں۔ عمران خان نے مجھے جیل کے جس سیل میں رکھا آج وہ اسی سیل میں ہیں۔ ہماری فیمیلز کو 6،6 گھنٹے انتظار کروایا جاتا تھا۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ کبھی یہ اسٹریچر پر اور کبھی ویل چئیر پر چیخیں مارتے ہیں۔ جب رسیدیں دکھانے کا کہو تو یہ چیختے ہیں۔ کیا آپ نے کبھی رانا ثنا اللہ اور خواجہ آصف کی چیخیں سنیں۔ ہم نے امریکی کانگریس یا ہاؤس آف لارڈز کے اراکین کے پاؤں نہیں دبائے۔ عدالتوں میں جا کر اپنی بے گناہی ثابت کریں۔ یہ اصل میں این آر او مانگ رہے ہیں واضح کردوں آپ کے لیڈر کو این آر او نہیں ملے گا۔