کوئٹہ میں بارش سے ڈیموں میں پانی کی سطح میں اضافہ


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)کوئٹہ میں حالیہ بارشوں کے بعد ڈیموں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے تاہم تمام ڈیمز محفوظ ہیں محکمہ ایری گیشن کے انجینئر دن رات ڈیمز کی نگرانی کر رہے ہیں کسی بھی ڈیم کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ یہ بات ایگزیکٹو انجینئر ایری گیشن کوئٹہ ڈویژن عبدالکبیر نے کوئٹہ کے گردونواح میں واقع ڈیمز کے معائنے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی اس موقع پر ایس ڈی او کوئٹہ جہانزیب بھی موجود تھے۔ عبدالکبیر نے کہا کہ کوئٹہ شہر کے گردونواح میں اسوقت50کے قریب ڈیمز موجود ہیں جن میں حالیہ بارشوں کے بعد پانی کی سطح بلند ہوئی ہے تاہم کسی بھی ڈیمز کے ٹوٹنے کاکوئی خطرہ نہیں ہے چیف سیکرٹری بلوچستان، سیکرٹری ایری گیشن اور چیف انجینئر کی ہدایت پر محکمہ ایری گیشن کے انجینئر تمام ڈیمز کی دن رات نگرانی کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہنہ فلڈ ایری گیشن اسکیم کے تحت سیلابی پانی ہنہ جھیل میں داخل ہورہا ہے جس میں جھیل کی سطح بھی بلند ہورہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں کے بعد ڈیمز میں پانی آنے سے زیرزمین پانی کی سطح بلند ہوگی بعض عناصر ڈیمز کے بارے میں غلط افواہیں پھیلارہے ہیں عوام کسی بھی افواہ پر کان نہ دھریں ۔انہوں نے کہا کہ عوام محکمہ ایری گیشن کے نالوں پر تجاوزات قائم کرنے سے گریز کریں تاکہ کسی بھی جانی و مالی نقصان سے بچا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ایری گیشن نالوں پر تجاوزات کے خلاف بلا تفریق کارروائی کرے گی اورکسی کو بھی ایری گیشن کے نالوں پر قبضہ کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دے گی۔