موسم کی ممکنہ خرابی، گوادر ضلعی انتظامیہ کی شہریوں اور ماہی گیروں کو حفاظتی اقدامات کی ہدایت


گوادر(قدرت روزنامہ)ضلعی انتظامیہ نے ایک اہم اعلامیہ جاری کیا ہے ،جس میں ساحلی علاقوں کے ماہی گیروں کو موسم کی ممکنہ خرابی کے پیش نظر فوری طور پر حفاظتی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ موسمیاتی پیشگوئی کے مطابق، علاقے میں شدید طوفانی ہواو¿ں، بارشوں، اور ممکنہ سیلاب کا خدشہ ہے، جس کے باعث ماہی گیروں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ اپنی کشتیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کریں تاکہ کسی بھی جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔ اعلامیہ کے مطابق، تحصیل اورماڑا کے ماہی گیر اپنی کشتیوں کو نیوی ہاربر میں منتقل کریں۔ اس ضمن میں ضلعی انتظامیہ نے نیوی حکام سے خصوصی تعاون حاصل کر لیا ہے تاکہ کشتیوں کی محفوظ منتقلی کو یقینی بنایا جا سکے۔ پسنی کے ماہی گیروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنی کشتیوں کو پسنی پش ہاربر کے محفوظ مقامات پر منتقل کریں، جبکہ تحصیل گوادر کے ماہی گیر اپنی کشتیوں کو پدی زر کے محفوظ علاقوں میں لے جائیں۔ اسی طرح، جیونی کے ماہی گیر اپنی کشتیوں کو محکمہ فشریز اور تحصیل انتظامیہ کی مدد سے محفوظ مقامات پر منتقل کریں۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں اور ماہی گیروں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ضلعی اور تحصیل انتظامیہ سے رابطہ کریں تاکہ بروقت مدد فراہم کی جا سکے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات شہریوں اور ماہی گیروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہیں اور تمام متعلقہ افراد سے تعاون کی اپیل کی گئی ہے تاکہ ممکنہ خطرات سے بچا جا سکے۔