مکران میڈیکل کالج میں طلبا کے مطالبات تسلیم کرکے مسائل حل کیے جائیں، بساک


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کے مرکزی ترجمان نے اپنے مختصر بیان میں کہا کہ مکران میڈیکل کالج میں جاری طلبا کے احتجاج اور ان کے مطالبات کی حمایت کرتے ہیں۔ مکران میڈیکل کالج جو کہ کافی عرصے سے انتظامی مسائل میں گھر چکا ہے جس سے طالبعلموں کے تعلیمی کیریئر پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ انتظامیہ ان مسائل کو حل کرنے میں نااہلی کا مظاہرہ کررہی ہے اور دن بدن طالبعلموں کے تعلیمی مشکلات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ میڈیکل کالج میں جاری طلبا کا اپنے جائز مطالبات کے لئے احتجاج ان کا بنیادی تعلیمی حق ہے جس کی نا صرف حمایت کرتے ہیں بلکہ ان کے مطالبات کے حق میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ حکام بالا، محکمہ صحت و تعلیم اور میڈیکل کالج انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ طالبعلموں کے جائز مطالبات تسلیم کرکے جلد سے جلد ان کے مسائل حل کیے جائیں۔