اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے 5 اہلکار کرپشن پر گرفتار


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی ( آئیسکو) کے 5 اہلکاروں کو کرپشن کرنے پر گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق اسلام آباد زون میں ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے آئیسکو کے 5 اہلکاروں کو کروڑوں روپے کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ آڈٹ افسران نے آئیسکو کا آڈٹ کلئیر کروانے کے نام پر کروڑوں روپے رشوت وصول کی۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان میں ذیشان علی، نزر حسین، اشتیاق احمد، جہانگیر احمد اور ثاقب صغیر شامل ہیں۔ ملزم ذیشان علی اکبرکو بطور آڈٹ افسر اور نذر حسین کو اسسٹنٹ آڈٹ افسر نامزد کیا گیا تھا۔ ملزمان کو ڈپٹی ڈائریکٹر پروکیورمنٹ اینڈ کوآرڈینیشن لاہور آفس کی جانب سے نامزد کیا گیا تھا۔ ملزمان کو آئیسکو آپریشن جہلم سرکل اور ریجنل منیجر ٹرانسفارمر ورکشاپ اسلام آباد کے آڈٹ کے لئے نامزد کیا گیا تھا۔
ملزمان کو جی ٹی روڈ گوجر خان سے گرفتار کر کے ایک کروڑ 4 لاکھ 75 ہزار روپے برآمد کیےگئے۔ مذکورہ رقم آئیسکو اکاؤنٹ افسر اشتیاق احمد ، جہانگیر احمد اور ثاقب صغیر کی جانب سے دی گئی تھی۔ ملزمان کو رقم سمیت رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق آئیسکو کے آفسران نے مذکورہ رقوم فیلڈ میں تعینات اہلکاروں سے وصول کی۔ملزمان کے خلاف اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔ گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔