مولانا سیاسی چشمہ ہیں اس لیے ہر کوئی ان کے پاس آ رہا ہے: عبدالغفور حیدری
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ایف) کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان سیاسی چشمہ ہیں اس لیے ہر کوئی ان کے پاس آرہا ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے عبدالغفورحیدری نے کہا کہ محسن نقوی کی ملاقاتوں میں موجودگی سے لگتا ہے کہ ان ملاقاتوں میں اسٹیبلشمنٹ کی آشیرباد شامل ہے۔
صدر اور پھر وزیراعظم کی فضل الرحمان کی رہائشگاہ پر جاکر ان سے ملاقات سے متعقل سوال پر عبد الغفور حیدری کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان سیاسی چشمہ ہیں اس لیے ہر کوئی ان کے پاس آرہا ہے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل وزیراعظم شہبازشریف نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن رہنما مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی تھی، ملاقات میں ملک کی مجموعی اور سیاسی صورتحال پربات چیت کی گئی تھی۔
اس سے قبل صدر آصف علی زرداری نے بھی مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر تفصیلی ملاقات کی تھی، مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ہونے والی دونوں اہم ملاقاتوں میں وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی بھی موجود تھے۔