جس تمنا سے پاکستان بنایا تھا وہ پوری نہیں ہوسکی، امیر جماعت اسلامی


لاہور (قدرت روزنامہ)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ بدقسمتی سے جس تمنا سے ہمارے بزرگوں نے پاکستان بنایا تھا وہ پوری نہیں ہوسکی۔
لاہور میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام میٹرک میں پوزیشن ہولڈر طلبا کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا گیا اور تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اس وقت 2 کروڑ 62 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں، جماعت اسلامی نے لاکھوں بچوں کو فری آئی ٹی کورسز کروارہی ہے تاکہ انکا مستقبل روشن ہوسکے۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کا ٹیلنٹ ملک کو بہت آگے لیکر جاسکتا ہے تاہم ہمارے ملک کا نظام بیوروکریسی چلارہی ہے جبکہ حکمران طبقہ محض جاگیرداروں کا غلام بن کر رہ گیا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ تعلیم اتنی مہنگی کردی کہ عوام کی پہنچ سے باہر ہوچکی ہے، تعلیمی اداروں میں منشیات کا کاروبار چلا کر بچوں کے جسموں میں زہر اتارا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کا بل عوام پر بم بن کر گرتا ہے، معیشت حکمران طبقے نے خراب کرکے آئی پی پیز کو مسلط کردیا ہے، بجلی بنانے والی کمپنیاں عوام کو لوٹ رہی ہیں اور یہ حکمران خاموش تماشائی بنے دیکھ رہے ہیں۔ اس ملک کے حالات پڑھے لکھے جاہلوں نے خراب کیے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نےکہا کہ بجلی کے بلوں میں کمی کرنا خیرات نہیں عوام کا حق ہے، بجلی کے ایشو پر کوئی سیاسی جماعت سڑکوں پر نہیں نکل رہی کیونکہ سب کے مفادات جڑے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج مقبوضہ وادی کشمیر کے حریت پسند رہنما سید علی گیلانی کی تیسری برسی ہے افسوس کے ساتھ کہنا پڑرہا ہے کہ ہمارے بچوں کو نہیں بتایا گیا کہ عظیم رہنما کون تھا۔