سوچے سمجھے منصوبے کے تحت سائنس کالج کو آگ لگائی گئی، واقعے کی انکوائری کرائی جائے، پی ایس او


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پشتونخوا سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے رہنماﺅں نے کہا ہے کہ وسٹ گریجویٹ سائنس کالج کوئٹہ شہر کے عین وسط میں واقع ہے جس میں سالانہ کے حساب سے ہزاروں غریب طلباءمفت زیورتعلیم سے آراستہ ہورہے ہیں اور صوبے کا قدیم ترین تعلیمی دانش گاہ ہے جس سے صوبے کی اکثریت سیاسی قائدین ،دانشور، صحافی حضرات اور مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد تعلیم حاصل کر کے فارغ ہو ئے ہیں ۔گزشتہ رات دو بجے پوسٹ گریجویٹ سائنس کالج میں آگ لگنے سے کافی حد تک جل چکا ہے اور کالج کا بنیادی انفراسٹرکچر تباہ ہو چکا ہے ۔کلاسز رومز ، پرنسپل آفس، سٹاف روم، کالج کے دفاتر آگ سے خاکستر ہو چکے ہیں ۔پوری رات کالج میں آگ جلتی رہی اور آگ کے بادل پورے کوئٹہ شہر پر منڈلاتے رہے۔ لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ نہ کالج انتظامیہ کو یہ توفیق نصیب ہوئی کہ وہ بروقت آگ بجانے کی اقدامات کر تے اور نہ ضلع کوئٹہ کی انتظامیہ اور صوبائی حکومت کے کسی ذمہ دار نے صوبے کے اس اہم تعلیمی ادارے کو بچانے کوشش کی۔ پوسٹ گریجویٹ سائنس کالج سے فائر بریگیڈ اسٹیشن کچھ ہی فاصلے پر واقع ہے لیکن صبح تک نہ فائر بریگیڈ پہنچی اور نہ ہی کسی اور ذریعے سے آگ بجانے کے اقدامات کئے گئے ۔واضح رہے کہ پوسٹ گریجویٹ سائنس کالج کے اطراف رہائشی گھروں اور بعض دکانداروں نے بار بار انتظامیہ کو اس واقعہ کی اطلاع دینے کی کوشش کی لیکن کسی نے اس جانب توجہ نہیں دی کالج انتظامیہ صبح تک خواب غفلت کا شکار رہی کالج میں چوکیدار غائب رہے اتنی بڑی کا رروائی کہ جس میں سارا کالج اور اس کا ڈھانچہ برباد ہو چکا ہے کوئی ذمہ داری لینے کو تیار نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور انتظامیہ ہمیشہ سے سائنس کالج کو بند کرنے اور سائنس کالج کی قیمتی زمین پر قبضہ کرنے کیلئے بار ہا منصوبے بناتے رہے ہیں پشتونخوا سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کو خدشہ ہے کہ یہ عمل سائنس کالج میں زیر تعلیم اس صوبے کے ہزار وں غریب طلباءپر تعلیم کے دروازے بند کرنے کی ایک مخصوص سازش نہ ہو۔ پشتونخوا سٹوڈنٹس آرگنائزیشن وزیراعلیٰ ، چیف سیکرٹری ، سیکرٹری تعلیم کالجز، کمشنر کوئٹہ، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ سے اس واقعہ کا نوٹس لینا اور معلوم کرنا کہ آگ کیسے لگی ہے اور ساری رات پتہ کیو ں نہیں چل سکا اور انتظامیہ کے ذمہ داران کیوں نہیں پہنچ سکے ہیں اور آگ بجھانے میں کسی نے کوئی کردار کیوں ادا نہیں کیا ہے ۔ اس واقعہ کا اگر مزید نوٹس نہیں لیا گیا تو پشتونخوا سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پوسٹ گریجویٹ سائنس کالج چوک پر دھرنا شروع کرے گی اور کالج کیخلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔