پاکستان میں بارشوں کا نیا سلسلہ کب تک چلے گا؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ ملک بھر میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے والا ہے، جس کی شروعات آج 2ستمبر سے ہوگی اور 3ستمبر تک جاری رہے گی۔ 4 ستمبر کو دھوپ اور بادلوں کی آنکھ مچولی جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ 5 اور 6ستمبر کودوبارہ بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پیر کے روز ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اور خشک رہےگا۔ تاہم، کشمیر، خیبر پختونخوا، شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھو ہار اسلام آباد، شمال مشرقی بلوچستان اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اس دوران شام اور رات میں بالائی خیبرپختونخوا اور خطہ پوٹھوہار میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کی توقع کی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ کراچی، ٹھٹھہ، سجاول، حیدرآباد، اور جامشورو میں بھی بارش ہوسکتی ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ مری، گلیات اور ملحقہ علاقوں میں رات کے دوران بارش متوقع ہے۔ منگل کے روز پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارشوں کی توقع کی جارہی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران جنوبی بلوچستان، جنوبی سندھ میں کہیں کہیں جبکہ جنوبی پنجاب، شمالی بلوچستان، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ بارشوں کے باعث برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
جنوبی سندھ اور مکران میں تیز ہواؤں، آندھی چلنے اور موسلادھار بارش متوقع ہے تاہم ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران جنوبی بلوچستان سمیت ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اورخشک رہا۔ اس دوران جنوبی بلوچستان، سندھ اور بالائی خیبر پختونحوا میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔
گزشتہ روز ریکارڈ کیے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت نوکنڈی 41، دالبندین اور تربت میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔