لاہور(قدرت روزنامہ) پنجاب پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے قتل کی واردات میں مطلوب خطرناک اشتہاری کو 16 برس بعد گرفتار کرلیا . ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق اشتہاری نے 2008 میں گوجرانوالہ میں شہری کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا اور بعد ازاں بذریعہ ڈنکی بیرون ملک فرار ہوگیا تھا .
پولیس کے مطابق اشتہاری نے یونان میں پاکستانی پاسپورٹ حاصل کیا جس پر اسپیشل آپریشنز سیل نے مجرم اشتہاری کا ریڈ نوٹس ایشو کروایا .
پولیس نے مجرم اشتہاری کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری رکھیں، اشتہاری کو یونان کی فلائٹ میں سوار ہونے سے قبل لاہور ایئرپورٹ پر گرفتار کیا گیا اور ایئر پورٹ سے گوجرانوالہ پولیس نے اشتہاری کو اپنی تحویل میں لے لیا .
ترجمان کے مطابق رواں سال بیرون ملک سے گرفتار اشتہاریوں کی مجموعی تعداد 67 ہوگئی . آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مؤثر کارروائی کے ذریعے خطرناک اشتہاری کو گرفتار کرنے پر آر پی او گوجرانوالہ اور سی پی او گوجرانوالہ کو شاباش دی .
آئی جی پنجاب نے کہا کہ اسپیشل آپریشنز سیل کی اچھی حکمت عملی سے 16 برس بعد اشتہاری کی گرفتاری ممکن ہوئی، اے کیٹیگری کے دیگر خطرناک اشتہاریوں کی گرفتاری کے لیے کریک ڈاؤن مزید تیز کیا جائے .