کراچی میں بس نے لوگوں کو روند دیا، 2 افراد جاں بحق، 13 شدید زخمی
کراچی(قدرت روزنامہ) شہرقائد میں ایک اورجان لیوا ٹریفک حادثہ،سائٹ ایریا باوانی چالی کے قریب چڑھائی سے اترتےہوئےتیزرفتار بس نے موٹرسائیکل سواروں اور پیدل چلنے والے راہ گیروں کو روند ڈالا،حادثے میں 2 افراد جاں بحق اور5 خواتین سمیت 13 افراد شدید زخمی ہو گئے۔
پیر کی صبح سائٹ اے تھانے کے علاقے خیبر چوک سے باوانی چالی جانے والی تیز رفتار بس نے متعدد موٹر سائیکل سواروں اور پیدل چلنے والے راہ گیروں کو روندڈالا جس کے نتیجے میں 2 افراد موقع پرجاں بحق ہو گئے جبکہ خواتین سمیت متعدد افراد شدید زخمی ہوگئے۔
ٹریفک پولیس نے حادثے کی ذمہ داربس کو سڑک سے ہٹا کرکنارے کھڑا کردیا۔ جاں بحق ایک شخص کی شناخت45 سالہ طالب ولدعبدالقدوس کے نام سے کرلی گئی جبکہ دوسرے45 سالہ شخص کی فوری شناخت ممکن نہیں ہوسکی ۔
حادثے میں زخمی ہونے والوں میں 30 سالہ قیصرعلی ولد اختر علی ،28 سالہ آصف ولد مینگل ،22 سالہ مزمل ولد عبدالقدوس ،24 سالہ وجاہت ولد نعیم سلطان، 22 سالہ فضیلہ زوجہ وقاص، 25 سالہ ریحان ولد رمضان ، 60 سالہ رمضان ولد روشن ، 30 سالہ ماریہ،35 سالہ نفیسہ زوجہ اصغرعلی ،23 سالہ عروبہ دختر شمشاد،50 سالہ ثمینہ، 35 سالہ جنید ولد زبیرخان اور35 سالہ سید رضی ولد رئیس شامل ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق حادثے کی ذمہ دارتیزرفتاربس گارمنٹس فیکٹری کے ملازموں کو لیکرخیبر چوک سے باوانی چالی کی جانب جا رہی تھی کہ چڑھائی سے اترتے ہوئے پانچ سے زائد موٹر سائیکلوں پر سوارشہریوں کوروند ڈالا جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اورخواتین سمیت 13 افراد زخمی ہوگئے۔
حادثے کے بعد بس کا ڈرائیور موقع سے فرارہوگیا ہے جس کی تلاش جاری ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق حادثہ تیزرفتار بس کے بریک فیل ہونے کے باعث ہوا۔ علاقہ مکینوں نے بتایا کہ حادثے کی ذمہ داربس کی رفتار انتہائی تیزتھی،بارش کے باعث سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے ۔ سڑک پر پڑنے والےگڑھوں کی وجہ سے موٹرسائیکل سواروں کی رفتار انتہائی سست تھی کہ عقب سے آنے والی تیزرفتاربس نے موٹر سائیکل سواروں کو روند ڈالا۔
علاقہ مکینوں کا کہنا تھاکہ شہرمیں بارش کے باعث سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ سے حادثات معمول بن گئے۔ بسوں کے ڈرائیورانتہائی غفلت اور لاپرواہی سے ڈرائیونگ کرتے ہیں جس کے باعث صبح سویرے زیادہ ٹریفک حادثات پیش آتے ہیں۔
شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ کی فوری مرمت کی جائے تاکہ حادثات میں کمی واقع ہوسکے۔