مون سون بارشوں کا حالیہ سلسلہ کب تک جاری رہے گا؟ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) محکمہ موسمیات نےپنجاب اورخیبرپختونخواہ کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کاسلسلہ 3 تا 4 ستمبر تک جاری رہنے کا امکان ظاہر کر دیا۔

دوسری جانب این ڈی ایم اے نے متعلقہ محکموں کو الرٹ جاری کردیا ہے جس میں کہا کہ 3تا 4 ستمبر کے دوران پنجاب اورخیبر پختونخواہ کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفےسےمزید بارشیں متوقع ہے۔ بارش کے باعث خیبرپختونخواہ میں مختلف مقامات گلیات،مانسہرہ، ایبٹ آباد، کوہستان، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، باجوڑ، مہمند، خیبر، نوشہرہ، صوابی کے مقامی ندی نالوں میں بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے۔این ڈی ایم اے کے مطابق موسلادھار بارش کے باعث اسلام آباد،راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، شیخوپورہ، قصور، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، چکوال، نوشہرہ اور پشاور کے نشیبی علاقوں میں 2 اور 3 ستمبر کو طغیانی جبکہ شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔علاوہ ازیں ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے پہاڑی ندی نالوں میں بھی سیلابی صورتحال متوقع ہے۔