غیرقانونی سمز کی بندش کے دوسرے مرحلے کا آغاز کردیاگیا


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نےغیرقانونی سمز کی بندش کے دوسرے مرحلے کا آغاز کردیا۔
پی ٹی اے کے مطابق 2017 سے پہلے زائد المیعاد شناختی کارڈز پر سمز کی بندش شروع کردی، شہری سمز کی بندش سے بچنے کیلئے شناختی کارڈز کی تجدید کروائیں، پہلے مرحلے میں جعلی سمز اور کینسل ہونیوالے شناختی کارڈز پر سمز بند کی گئیں، 16 اگست سے لیکراب تک 69 ہزار سے زائد غیر قانونی سمز بند کی گئیں، نادرا سے حاصل ہونیوالے ڈیٹا کی بنیادپرغیرقانونی سمز کو بند کیا جارہا ہے۔پی ٹی اے کا مزید کہنا ہے کہ تیسرے مرحلے میں فوت شدہ افراد کے نام پر رجسٹرڈ سمز کو بند کیا جائےگا، موبائل سمز کی بندش سے قبل صارفین کو آگاہی پیغامات بھجوائے جارہے ہیں، جعلی سمز مختلف غیرقانونی سرگرمیوں میں استعمال کی جارہی ہیں، غیرقانونی سمز دہشت گردی، مالیاتی فراڈ اور دیگر سرگرمیوں میں استعمال کی جاتی ہیں۔