پی ٹی آئی والے این آر او کے لیے ترلے کررہے ہیں، وزیر دفاع خواجہ آصف


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ تحریک انصاف والے این آر او مانگ رہے ہیں، رؤف حسن ترلے کررہے ہیں کہ این آر او دے دو۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی والے چاہتے ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ ان کو ریلیف دے، یہ ان سے بھی مذاکرات کرلیں تو ہمیں کوئی اختلاف نہیں۔
انہوں نے کہاکہ یہ سیاسی جماعتوں سے بات نہیں کرنا چاہتے، کیا محمود اچکزئی فوج کے ساتھ بات کریں گے؟
وزیر دفاع نے کہاکہ جب تک 9 مئی کا حساب نہیں ہوتا اس وقت تک کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی والوں نے جن کی گود میں بیٹھ کر پرورش پائی ہے ان کو بار بار گود یاد آجاتی ہے، یہ بھول جاتے ہیں کہ نہ باجوہ رہے اور نہ فیض حمید۔
وزیر دفاع نے کہاکہ مذاکرات کرنے ہیں تو کرلیں ورنہ منت کرنے کا کوئی طریقہ ڈھونڈ لیں۔
وزیر دفاع کی تقریر کے دوران پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہاکہ آپ کو 80 سال کی عمر میں ایسی باتیں کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔